سوئس اکائونٹ کیس دوبارہ کھولنے کیلئے کام جاری ہے ،شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سوئس اکاؤنٹ براڈ شیٹ کمیشن انکوائری نے سوئس اکاؤنٹ کھولنے کے احکامات دئیے تھے جس پر کام جاری ہے،سوئس اکاؤنٹس میں 6 کروڑ ڈالر ہیں جو قوم کا پیسہ تھا اس کا کیس دوبارہ کھولا جائے گا،وزیراعظم عمران خان خود مہنگائی کو دیکھ رہے ہیں اور حکومت کی پوری کوشش ہوگی کے مافیا کی لوٹ مار کا دھندا کنٹرول کیا جائے،تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مل کر ناموس رسالت اور ختم نبوت سے متعلق مسودہ لائیں گے۔۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان خود مہنگائی کو دیکھ رہے ہیں اور حکومت کی پوری کوشش ہوگی کے مافیا کی لوٹ مار کا دھندا کنٹرول کیا جائے۔شیخ رشید نے کہا کہ آٹا، چینی اور گھی کے معاملات شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں ،مہنگائی خود وزیراعظم دیکھ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن سے متعلق سوالات کا وقت ختم ہوگیا ہے، ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی ہے، یہ اللہ کا عمران خان پر خاص احسان ہے کہ اسے ایسی اپوزیشن ملی جو آپس میں ہی اپوزیشن ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مل کر ناموس رسالت اور ختم نبوت سے متعلق مسودہ لائیں گے۔ڈسکہ انتخاب میں شکست کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کا بیانیہ ہے کہ ہر چور کا احتساب ہوگا اور اور علی اسجد ملہی نے جتنے ووٹ لیے وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ عمران خان کا بیانیہ ابھی زندہ ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ میری زندگی میں پہلا الیکشن ہے جو سپریم کورٹ کے حکم پر 50 روز کے اندر ہوا، وہ الیکشن 12 ہزار ووٹس سے ہارے جس کا مطلب یہ ہے کہ اسجد ملہی 6 ہزار ووٹس مزید لے لیتا تو کام برابر تھا۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں تعریف کریں کہ وہاں پر امن الیکشن ہوا جہاں اس سے قبل 2 لاشیں گری تھیں اور اس الیکشن میں پی ٹی آئی ہار کر بھی جیتی ہے کیوں کہ جمہوریت جیتی ہے اور جمہوریت کا فیصلہ ہمیں قبول کرنا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم مان رہے ہیں کہ ڈسکہ میں ہار کر بھی ہم الیکشن جیتے ہیں کیوں کہ عوام سے پہلے سے بڑی تعداد میں اسجد ملہی کو ووٹ دئیے۔