پی ٹی آئی نے لاہور میں دفعہ 144 کا نفاذ الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر بابر اعوان نے درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر دی جس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے، الیکشن مہم تحریک انصاف کا آئینی حق ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن دفعہ 144کے نفاذ کو ختم کرے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت دفعہ 144کا نفاذ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔متن کے مطابق تحریک انصاف کی ریلی اور پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے۔ تحریک انصاف کی ریلی ساڑھے پانچ بجے ختم ہوگی جبکہ پی ایس ایل کا میچ سات بجے شروع ہوگا۔ اس سے پہلے کسی شہر میں پی ایس ایل کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق پنجاب حکومت غیر قانونی طور پر تحریک انصاف کی الیکشن مہم کو روک رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا بہانا بنا کر نگراں حکومت نے پابندی لگا دی جوکہ دو عدالتوں کی کھلی توہین ہے۔ سپریم کورٹ نے 90 دنوں میں انتخابات کا حکم دیا ہے لہذا الیکشن کمیشن انتخابات ممکن بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پہلی ریلی میں ظل شاہ کی موت ہوئی، ظل شاہ اور ارشد شریف کے موت میں ایک ہی طریقہ واردات استعمال ہوا۔