میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محمد میاں سومروبطور نجکاری کمیشن چیئرمین کے عہدے سے مستعفی

محمد میاں سومروبطور نجکاری کمیشن چیئرمین کے عہدے سے مستعفی

ویب ڈیسک
هفته, ۱۲ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) پی ٹی سی ایل کو متحدہ عرب اماراتی کمپنی کے ہاتھوں کوڑیوں کے داموں فروخت کرنے اور بین الاقوامی کمپنی اتصالات سے 800 ملین ڈالر کی وصولی میں محمد میاں سومرو حکومتی شخصیات کے دباؤ کے باعث ناکام ہو گئے ،بطور نجکاری کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد حکومت سے کنارہ کشی اختیار کر لی، نئے چیئرمین سلیم احمد بھی مسائل میں گھر گئے۔تفصیلات کے مطابق حکومتی شخصیات کے دباؤ کے باعث بین الاقوامی کمپنی سے خطیر رقم کی وصولی کا تنازع احتساب کے نعرے الاپنے والی تبدیلی سرکار کے دور میں بھی حل نہیں ہو سکا ہے جس کے تحت گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں پی ٹی سی ایل کے 26 فیصد حصص حاصل کرنے والی متحدہ عرب اماراتی کمپنی ”اتصالات” کا نام کریڈٹ انفارمیشن بیورو میں شامل نہیں کیا جا سکا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تین سال قبل سابقہ حکومتوں میں قومی اداروں کی نجکاری کا جائزہ لینے کے لیے وصولی کمیٹی بھی بنائی کی گئی تھی جس کے تحت مذکورہ کمیٹی کی جانب سے 1991میں نجکاری پروگرام کے آغاز سے لیکر اب تک 142اداروں کی نجکاری کے سلسلے میں ہونے والی ٹرانزیکشن کا جائزہ لیا گیا ہے، کمیٹی کے مطابق سب سے بڑی نادہندہ اتصالات بتائی جاتی ہے جس پر 121 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ وصولی کمیٹی کی جانب سے نادہندگان کمپنیوں کے نام سی آئی بی لسٹ میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی تھی جسے حکومتی شخصیات کے دباؤ کے باعث رد کر دیا گیا ہے۔ اہم اداروں سے وصولیوں پر حکومتی شخصیات کی مداخلت پر بطور احتجاج نجکاری کمیشن کے چیئرمین کا دو ماہ قبل دیا گیا استعفیٰ بھی اسی بات کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے، حالیہ دنوں ان کی صف میں کھڑے حکومت کے نامزد کردہ نئے چیئرمین نجکاری کمیشن سلیم احمد دکھائی دیتے ہیں، جو گزشتہ دو ماہ میں کسی قسم کی کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں۔واضح رہے ایک سال قبل تمام تر معاملے کے حل کے لیے اتصالات کی جانب سے اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ہمراہ ایک وفد پاکستان بھیجا گیا تھا جس نے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ سمیت چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)عامر عظیم باجوہ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد بھی کسی قسم کی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں