اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کی تیار ی مکمل
شیئر کریں
اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کی تیار ی مکمل کر لی۔ اپوزیشن کے 100سے زائد ارکان نے اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر دستخط بھی کردیے ۔ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جانبدار قراردے کر ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے جلد اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔ بتایا گیا کہ 100سے زائد اپوزیشن اراکین نے تحریک پر دستخط بھی کردیے ۔ ذرائع کے مطابق اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کسی بھی وقت جمع کرائی جاسکتی ہے۔ اسپیکر کے حوالے سے اپوزیشن نے کہا کہ اسپیکر حکومتی اراکین کو مسلسل ٹیلی فون کررہے ہیں اور ان سے رابطے کررہے ہیں ، اسپیکر کے اس اقدام کے خلاف تحریک عدم اعتماد لارہے ہیں وہ جانبدار ہو گئے۔ اپوزیشن کے مطابق اگر اسپیکر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتمادجمع ہو گئی تو پھر وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر اجلاس کی صدارت نہیں کرسکیں گے اور پھر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری اجلاس کی صدارت کریں گے۔