بلاول بھٹو ناسمجھ ان کے استاد نالائق ہیں شاہ محمود قریشی
شیئر کریں
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بلاول بھٹو زر داری کے استاد نالائق ہیں ، لکھی ہوئی پرچیاں دی جاتی ہیں ،محض تنقید سے جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بنے گا ،جیسے جیسے وقت گزرے گا بلاول سمجھ جائینگے ،جنوبی پنجاب صوبہ آئینی ترمیم سے بنے گا، کیا بلاول آئینی ترمیم کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیارہیں ،بل پیش کررہا ہوں آپ کی نیت صاف ہے تو اپنا ووٹ دیجئے اور جنوبی پنجاب کو حق دلائیے۔ جمعہ کو جنوبی پنجاب کے حوالے سے اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بلاول بھٹو کی ناسمجھی ہے اور تھوڑا بچپن ہے ،بلاول کے استاد نالائق ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کو لکھی ہوئی پرچیاں دی جاتی ہیں ، بلاول بھٹو کو ابھی تک ادراک نہیں کہ وہ کہہ کیا رہے ہیں اور حقیقت کیا ہے ؟۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کو لکھی ہوئی پرچیاں دے دیتے ہیں ، بلاول بچہ ہے وہ لکھی ہوئی پرچیاں پڑھ دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ جیسے جیسے وقت گزرے گا بلاول سمجھ جائیں گے کہ محض تنقید سے جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بنے گا۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبہ آئینی ترمیم سے بنے گا۔ انہوںنے کہاکہ میرا سوال ہے کہ کیا بلاول آئینی ترمیم کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیارہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اگرجنوبی پنجاب صوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں تو آئیے مل کر آئینی ترمیم کیجئے۔ انہوںنے کہاکہ میں بل پیش کررہا ہوں اگر آپ کی نیت صاف ہے تو اپنا ووٹ دیجئے اور جنوبی پنجاب کو حق دلائیے۔ انہوںنے کہاکہ میں نے انیس جنوری کو خط لکھا آپ نے جواب دینے کی زحمت گوارہ نہیں کی ، میں نے بلاول بھٹواور شہبازشریف کو دوبارہ خط لکھا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یو این ڈی پی کی جو رپورٹ آئی ہے اس نے میرے موقف کی تصدیق کردی ہے کہ جنوبی پنجاب سب سے زیادہ پسماندہ ریجن ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں نے شہبازشریف کو بھی یو این ڈی پی کے تمام اعداد و شمار بھیجے ہیں،میری شہبازشریف سے درخواست ہے کہ جنوبی پنجاب کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں ۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کے حقائق کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اگر بلاول بھٹو اور شہبازشریف اپنے سیاسی مفاد کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں تو انھیں جنوبی پنجاب کی تشکیل اور تخلیق میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ۔