بختاور بھٹو کی شیئر کی گئی ٹوئٹر پر دو تصاویر سے سوشل میڈیا پر نئی بحث
شیئر کریں
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی بڑی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صرف انڈے ڈیلیور کر رہی ہے اور وہ بھی سارے سڑے ہوئے۔بختاور بھٹوزرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کی ہیں جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی تصویر چرائی ہے یا پھر تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کی تصویر چوری کی ہے۔
ٹوئٹ میں پہلی تصویر میں نظر آنی والی خاتون نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کارڈ ہاتھ میں پکڑا ہے جبکہ دوسری تصویر میں بھی خاتون وہی ہیں مگر اس نے ہاتھ میں صحت انصاف کارڈ پکڑاہوا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ صحت انصاف کارڈ والی تصویر کو وفاقی حکومت نے اشتہار کے طور پر اخبارات میں شائع کروایا ہے۔حیرت انگیز طور پر دونوں تصاویر ہر لحاظ سے ایک جیسی ہیں ان میں ذرہ برابر فرق نہیں، بس اگر فرق ہے تو کارڈز مختلف ہیں۔
فتح نامی ٹوئٹر صارف نے صحت انصاف کارڈ والی تصویر کو فوٹو شاپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بہت پہلے لانچ ہوا تھا اور ساتھ ہی یہ بھی لکھا کہ یہ فوٹو شاپ فیصل جاوید کی کمپنی نے کیا ہے۔بختاوربھٹوزرداری نے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اس پر کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صرف انڈے ڈیلیور کر رہی ہے اور وہ بھی سارے سڑے ہوئے۔