میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکومت سندھ کی صوبائی احتساب کمیشن سے توبہ ، نیا پنڈورا بکس کھل جانے کا خطرہ !!!

حکومت سندھ کی صوبائی احتساب کمیشن سے توبہ ، نیا پنڈورا بکس کھل جانے کا خطرہ !!!

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۲ فروری ۲۰۱۷

شیئر کریں

٭نئے احتساب کمیشن کیلئے محکمہ قانون کے ساتھ مل کرتیار کیا گیا بل بھی داخل دفتر کرلیاگیا، محکمہ اینٹی کرپشن پر ہی انحصار رکھنے کا فیصلہ
عقیل احمد راجپوت
احتساب بیورو کو جو قومی احتساب (نیب) میں تبدیل کیاگیا تو اس وقت ان کے سربراہ فوج کے حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل بنے تھے، آگے چل کر فوج نے نیب سے خود کو الگ کردیا اب جو ریٹائرڈ فوجی افسران نیب میں کام کررہے ہیں ان کے خلاف بھی سپریم کورٹ اور مختلف ہائی کورٹس میں درجنوں مقدمات زیر سماعت ہیں اور کئی ریٹائرڈ افسران کا مستقبل بھی مخدوش نظر آرہا ہے۔ 2013ءکے عام انتخابات کے بعد جب تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ میں صوبائی حکومت بنی تو اس کے بعد وہاں نیب کے مقابلہ میں صوبائی احتساب کمیشن بنادیاگیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے تحریک انصاف کے رہنماﺅں ضیاءاللہ آفریدی اور دیگر کے خلاف کارروائی شروع ہوگئی۔
اس وقت کے خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری ارباب شاہ رخ نے ایک خط چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وفاقی حکومت کو لکھ دیا جس میں احتساب کمیشن کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے کی تفصیلات بتائی گئی تھیں۔ احتساب کمیشن کے صوبائی سربراہ جنرل (ر) حامد علی خان نے جب حقیقی معنوں میں احتساب شروع کیا تو عمران خان بھی دباﺅ میں آگئے اور پھر صوبائی حکومت نے احتساب کمیشن کو روکنے کی کوشش کی۔ نتیجہ میں جنرل حامد علی خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس طرح اب وہاں احتساب کا عمل روک دیاگیا ہے۔ جب احتساب کمیشن خیبرپختونخوا میں قائم ہوا تو اس وقت پی پی کی مرکزی قیادت کو بھی خیال آیا کہ کیوں نہ ایسا ہی احتساب کمیشن سندھ میں بنایا جائے پھر محکمہ اینٹی کرپشن سندھ نے فوری طور پر خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کیا اور ان سے صوبائی احتساب کمیشن کی تفصیلات حاصل کیں اور حکومت سندھ نے خوشی میں اعلان شروع کردیے کہ اب نیب سے چھٹکارا ملے گا اور حکومت سندھ اپنا احتساب کمیشن بنائے گی۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے تیاریاں تیز ہوگئیں کہ اب نیا کمیشن بن جانے کی کاغذی کارروائی بھی کردی گئی۔ اس وقت ڈاکٹر عاصم حسین گرفتار ہوچکے تھے۔ پی پی کی قیادت اس خوش فہمی کا شکار تھی کہ اب احتساب کمیشن بنے گا تو ڈاکٹر عاصم حسین کی طرح جتنے بھی سیاسی رہنما اور سرکاری افسران نیب میں مقدمات بھگت رہے ہیں، ان کو فوری طور پر ریلیف ملے گا لیکن جیسے ہی خیبرپختونخوا میں صوبائی وزیر ضیاءاللہ آفریدی گرفتار ہوئے، ان کے خلاف ثبوت بھی سامنے آئے تو حکومت سندھ کے پسینے چھوٹ گئے کیونکہ سوال پیدا ہورہا تھا کہ اگر صوبائی احتساب کمیشن بن جاتا ہے تو اس کا سربراہ بھی جنرل (ر) حامد علی خان کی طرح سرپھرا نکلا تو پھر کیا ہوگا؟ ایک طرف نیب تو دوسری طرف صوبائی احتساب کمیشن ہو اور دونوں اگر حکومت سندھ سے ٹکراگئے توپھر دُہرا عذاب برداشت کرنا پڑے گا ۔پی پی کو اس وقت ہی ایک ثبوت سامنے ملا تھا جب آصف زرداری کے یار غارجسٹس (ر) آغا رفیق کو اس وجہ سے سندھ پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین لگایا تاکہ ان کو جو بھی فہرست دی جائے گی وہ اس کے مطابق بھرتیاں کریں۔ اس سے پی پی کے حامی افسران کی بڑی تعداد بطور افسر بھرتی ہوجائے گی۔ ایم پی ایز‘ ایم این ایز کے قریبی رشتہ دار‘ اے ایس آئی ‘ اسسٹنٹ کمشنر‘ مختار کار‘ سیکشن افسر‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران بھرتی ہوجائیں گے لیکن جسٹس (ر) آغا رفیق نے حکومت سندھ اور پی پی کی قیادت کی امیدوں پر پانی پھیردیا اور میرٹ پر اے ایس آئیز کی بھرتیاں کرکے دھماکا کردیا۔ پی پی کی قیادت اور حکومت سندھ سکتے میں آگئے کیونکہ انہوں نے تو ہر امیدوار سے ”مخفی معاملات “طے کر رکھے تھے۔ اس تجربہ نے پی پی کو بہلاکر رکھ دیا اور فوری طور پر یوٹرن لے لیاگیا اور فیصلہ کیاگیا کہ احتساب کمیشن کا معاملہ یہیں ختم کردیا جائے، کہیں ایسا نہ ہو کہ لینے کے دینے پڑجائیں، ایک نیب ہی کافی ہے اوپر سے صوبائی احتساب کمیشن کی بھی نئی مصیبت کھڑی ہوجائے۔ حکومت سندھ نے نئے احتساب کمیشن کیلئے محکمہ قانون کے ساتھ مل کر ایک بل بھی تیارکرنا شروع کیا تھا اس بل کو بھی داخل دفتر کرلیاگیا اور اب فیصلہ کیاگیا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو فعال بنایا جائے اور اس کو مالی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں۔ اس کو اسی تناظر میں سرگرم کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین کی نیب سے فی الحال جان نہیں چھوٹ رہی۔ شرجیل میمن کو نیب نے خود کو آزاد کرانے کے لیے پہلے تیاریاں کیں لیکن بعد میں جب ڈاکٹر عاصم کا کیس دیکھا تو اس کی بھی واپسی کی منصوبہ بندی ختم ہوگئی اور اب وہ سندھ ہائی کورٹ میں نئی درخواستیں دائر کررہے ہیں کہ وہ جب وطن واپس آئیں تو نیب کو پابند بنایا جائے کہ ان کو ایئرپورٹ سے گرفتار نہ کرے جس پر جب نیب سے رائے لی گئی تو نیب نے سندھ ہائی کورٹ کو بتادیا کہ شرجیل میمن کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ ان کو تو ہر حالت میں گرفتار کیا جائے گا۔ حکومت سندھ کے گلے میں ایسی ہڈی پھنس گئی ہے جس کو اگل سکتی ہے نہ ہی نگل سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی نیب کو قبول کیا جارہا ہے۔ صوبائی احتساب کمیشن کے قیام سے حکومت سندھ نے توبہ کرلی ہے کہ کہیں کل کلاں صوبائی احتساب کمیشن ایک نیا پنڈورا باکس نہ کھو ل بیٹھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں