عمران خان کا 9مئی اور 26نومبر کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ
شیئر کریں
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم نے کہا ہے کہ عمران خان نے 9مئی اور 26نومبر دونوں واقعات کی سپریم کورٹ سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں جن کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں۔یہ بات عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں ںے کہا کہ ’’بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ لاعلم ہیں کہ ڈی چوک میں کتنی شہادتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے ؟ انھیں نہیں پتا کہ اصل میں کتنے لوگ لاپتا ہیں‘‘، ابھی تک 200سے زائد کارکنان کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں، لاپتہ کارکنان کے حوالے سے شک ہے کہ وہ بھی شہید ہوچکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی لاپتا کارکنان کے حوالے سے فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15دسمبر کو یوم شہداء کا دن مقرر کیا گیا ہے ، پشاور سمیت دنیا بھر میں کارکنان اس دن دعا کریں گے ۔علیمہ خانم کے مطابق ’’بانی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں چل سکتا، ہم اس نظام کو قبول نہیں کریں گے ، 9 مئی کے بعد اب 26 نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کرلیا ہے، سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججز پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے دونوں سانحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں ہمارے گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے اور غیر قانونی مقدمات ختم کیے جائیں‘‘۔علیمہ خانم نے مزید کہا کہ ’’بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کر دیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ‘‘۔