ممنوعہ فنڈنگ کیس،ایف آئی اے کو انکوائری رپورٹ پیش کرنے کا حکم
شیئر کریں
سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کو انکوائری رپورٹ پر فیصلہ کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کیخلاف سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، نجیب ہارون اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ ایف آئی اے ڈائریکٹر اور متعلقہ افسر کی طبیعت ناساز ہے اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ انکوائری کا کیا بنا کہاں تک پہنچی؟ سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ انکوائری پر حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔ رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو انکوائری رپورٹ پر فیصلہ کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ایف آئی اے نوٹس کیخلاف عمران اسماعیل، نجیب ہارون، سیما ضیا، ثمر علی خان اور جاوید عمر نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ درخواستوں میں موقف اپنایا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کیخلاف جن 3 بینک اکاؤنٹس کی بنیاد پر انکوائری کی جارہی ہے وہ بند ہیں۔ درخواست گزاروں کیخلاف بدنیتی کی بنا پر غیر قانونی انکوائری شروع کی گئی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے جاری کیا گیا کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے۔