بھارت: خودکشیوں میں اضافہ، 1 لاکھ 64 ہزار بھارتیوں نے اپنی جانیں لے لیں
شیئر کریں
دنیا بھر میں سال 2021 میں تقریبا 8 لاکھ افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر دیا جن میں20 فیصد بھارتی شہری شامل ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت میں سال 2021 میں خودکشی کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اوریہ تعداد 1 لاکھ 64 ہزارتک پہنچ گئی ہے۔ بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو این سی آر بی کے مطابق خود کشیوں کی سب سے زیادہ تعداد ریاست مہاراشٹر میں ریکارڈ کی گئی ہے جو22 ہزار 207 ہے۔ اس کے بعد تامل ناڈو کا نمبر آتا ہے جہاں2021 میں 18 ہزار 925 خودکشی کے واقعات درج کیے گئے اور مدھیہ پردیش کا مقام تیسرا رہا جہاں 14 ہزار 965 لوگوں نے خودکشی کی تھی۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں 2021میں خودکشی کا اوسط ہر گھنٹہ 18 اور ایک دن میں 450 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے بعد خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور یقینی طور پر ذہنی دباؤ خود کشی کے اسباب میں سے ایک ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ 2020میں بھارت میں تقریبا ایک لاکھ 53ہزار افراد نے خودکشی کی تھی۔ این سی آر بی کی رپورٹ میں خودکشی کرنے والوں کی تعداد 2019 میں 1.39 لاکھ، 2018 میں 1.34 لاکھ، 2017 میں 1.29 لاکھ تھی۔ این سی آر بی کی رپورٹ کے مطابق خودکشی کے کئی اسباب ہیں جن میں پیشہ، علیحدگی کا جذبہ، غلط سلوک، تشدد، خاندانی مسائل، ذہنی امراض، شراب نوشی اور مالی خسارہ وغیرہ شامل ہیں۔