مہنگائی کیخلاف عوامی مظاہرے حکومت کیخلاف چارج شیٹ ہیں، بلاول بھٹو
شیئر کریں
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرنے پر عوام سے اظہار تشکر کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لئے میری اپیل پر پاکستان کے عوام نے ملک بھر میں مظاہرے کرکے حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ نہیں کھڑے، عمران خان کو عوامی حمایت کے بغیر وزیراعظم رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر پی پی پی کی مقامی تنظیموں اور جیالوں کا بھی شکرگزار ہوں۔ پنجاب، وسیب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مہنگائی کے خلاف عوامی مظاہرے حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر عمران خان کی جانب سے مسلسل مہنگائی میں اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیںپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کیلئے جمہوریت اور جمہوری روایات کو پروان چڑھانا ضروری ہے ،ہم ملک میں پرامن بقائے باہمی پر مبنی ماحول پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں،ایک ایسا ماحول جہاں ہر شہری کے ساتھ رنگ، نسل، مذہب اور صنف کی بناء پر امتیاز نہ برتا جائے،عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کے لیئے ضروری ہے، جمہوریت اور جمہوری روایات کو پروان چڑھایا جائے۔