میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پلاٹ الاٹمنٹ کیس نواز شریف اشتہاری قرار،جائیداد قرق کرنے کا حکم

پلاٹ الاٹمنٹ کیس نواز شریف اشتہاری قرار،جائیداد قرق کرنے کا حکم

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۱ نومبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دیا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کی مکمل جائیداد کی رپورٹ طلب کرلی۔منگل کو لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس پر سماعت کی۔ کیس کے ملزم سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات کی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی گئی۔ جج احتساب عدالت نے کہا کیا نواز شریف یا ان کی طرف سے کوئی پیش ہوا۔ جس پر وکیل نیب نے کہا نواز شریف کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 30روزکا وقت گزرنے کے باوجود نواز شریف پیش نہیں ہوئے۔نیب پراسکیوٹر حارث قریشی نے عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف کے اشتہارات جاری ہوئے 30 روز مکمل ہو چکے ہیں، ملزم کو عدالتی مفرور قرار دیا جائے۔احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف کی حد تک کیس کو ریفرنس سے الگ کر دیا۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد نوازشریف کواشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، اس کے ساتھ ہی عدالت نے ان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ نیب اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو حکم دیا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر جائیداد قرق کرنے کی رپورٹ پیش کی جائے۔ احتساب عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں