میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
وفاقی حکومت کا خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم

وفاقی حکومت کا خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم

جرات ڈیسک
اتوار, ۱۱ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ ایریا ریپریز نٹیٹوو ڈیولپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا

اے آر ڈی سی نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی جس کی سربراہی چیئرمین کریں گے، حکم نامہ

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ قائم کرنے کا حکم دے دیا۔ نامزد اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرز حکمرانی، ترقی کیلئے اے ڈی ایس کے فوری قیام کا حکم دیا گیا ہے، ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ ایریا ریپریز نٹیٹوو ڈیولپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرے گا۔ حکمنامے کے مطابق نامز اضلاع میں ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر اور کرم شامل ہیں۔ اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر بھی نامزد اضلاع میں شامل ہیں۔اے آر ڈی سی نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ہوگی جس کی سربراہی چیئرمین کریں گے۔ اے آر ڈی سی کے چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان، ارکان کی تقرری مقررہ طریقہ کار اور مدت کے مطابق کی جائے گی۔ ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے پی کریں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے پی ان اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے۔ نامزد اضلاع میں تعینات افسران و دیگر اداروں کے اہلکار سیکریٹریٹ کے انتظامی اور آپریشنل کنٹرول میں ہوں گے۔ نامزد اضلاع میں مزید تعیناتیوں، تبادلوں کا حکم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر وزیراعظم وقتاً فوقتاً دے سکیں گے۔ حکمنامے کے مطابق ایڈمنسٹریٹر نامزد اضلاع میں صوبائی حکومت کے تمام انتظامی، قانون نافذ کرنے سے متعلق اختیارات استعمال کریں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کو نامزد اضلاع میں گورننس، سیکیورٹی اور ترقی کیلئے تنظیمی ڈھانچے قائم کرنے کا اختیار ہوگا۔ایڈمنسٹریٹر کو ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کی نگرانی کا اختیار حاصل ہوگا۔ ایڈمنسٹریٹر سول انتظامیہ، پولیس اور فوجی حکام کو ہدایات جاری کرسکیں گے، ایڈمنسٹریٹر ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ کے آپریشنل، تنظیمی و انتظامی امور سے متعلق احکامات جاری کرسکیں گے۔ ایڈمنسٹریٹر فنڈز کی تقسیم اور منتقلی کے احکامات بھی جاری کرسکیں گے۔ مسلح افواج، وفاقی و صوبائی اداروں سے رابطہ کاری سے نامزد اضلاع میں سیکیورٹی امور بہتر بنائے جائیں گے۔ عوامی تحفظ، معاشی استحکام، امدادی سرگرمیوں اور بنیادی خدمات کے محکموں کی تنظیمِ نو اور ضروری اقدامات کیے جاسکیں گے۔ ایڈمنسٹریٹر کے احکامات، نوٹیفکیشنز، ہدایات اور اقدامات کو صوبائی حکومت کی طرح قانونی حیثیت حاصل ہوگی، وفاقی حکومت کا حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں