میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھٹو کے نام پر مفاد پرستوں نے سندھ کو تباہ و برباد کردیا، مصطفی کمال

بھٹو کے نام پر مفاد پرستوں نے سندھ کو تباہ و برباد کردیا، مصطفی کمال

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۱ اکتوبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی/ ٹھٹھہ (اسٹاف رپورٹر + نامہ نگار)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال اورصدر انیس قائم خانی دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سندھ کے دورے پر روانہ ہو گئے۔سید مصطفی کمال سمیت پاک سر زمین پارٹی کی قیادت کو سندھ بھر سے مختلف برادریوں ، سیاسی شخصیات اور عوام نے سندھ کے دورے کی دعوت دی تھی جس پر پارٹی قائدین نے سینٹرل ایکزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل اور پاکستان آرگنائزنگ کمیٹی سے مشاورت کر کے اسے قبول کیا اور سندھ کے تفصیلی دورے کا اعلان کیا تھا۔ سندھ کے دورے کے آغاز کے وقت پاکستان ہائوس میں سید مصطفی کمال نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہمارا گھر ہے اور اپنے گھر کے مسائل کے حل کے لیے سب کو متحد کرنے نکلے ہیں، یہ دورہ صرف سیاسی طور پر اہم نہیں بلکہ کراچی سے کشمور تک ہمارے جتنے بچے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پسماندہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ دریں اثناء پاک سر زمین (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال سندھ تنظیمی دورے کے پہلے مرحلے میں ٹھٹھہ پہنچ گئے، ٹھٹھہ میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اب خود کو روزانہ فروخت کر رہی ہے۔ وہ کبھی پیپلزپارٹی تو کبھی پاکستان تحریک انصاف کی گود میں بیٹھ رہی ہے۔کراچی کے بعد اب سندھ میں پارٹی کو منظم کرنے کے لیے تنظیم سازی اور رابطہ مہم شروعات کے لیے سندھ کے تاریخی شہر ٹھٹھہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم سازی کے لیے سندھ بھر کا دورہ کروںگا۔ انہوں کہا کہ سندھ کی عوام اب جان لیں کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کا متبادل پاک سرزمین پارٹی ہے، ٹھٹھہ سمیت سندھ کی عوام نے ہمیشہ جمہوری جدوجہد کی ہے، مگر اب سندھ کے عوام کی رکھوالی کرنے کے لیے پی ایس پی میدان میں آچکی ہے۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ سندھ کی عوام کو بے وقوف بنا کر بھٹو کے نام پر سیاست چمکانے والے مفاد پرستوں نے سندھ کو تباہ و برباد کردیا ہے، کراچی میں امن کی بحالی میں پی ایس پی نے اہم کردار ادا کیا اور ہم نے آپریشن کے سلسلے میں سیکورٹی اداروں سے بھرپور تعاون بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی اردو بولنے والوں کی جماعت نہیں ہے، بلکہ یہ پورے پاکستان کی محب وطن پارٹی ہے اور یہ پارٹی اب ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی، اس موقعے پر مصطفی کمال نے ٹھٹھہ میں جیلانی ہاؤس پہنچ کر پیر غلام جیلانی کی وفات پر بھی تعزیت کا اظہار کیا،ان کے ہمراہ انیس قائمخانی اوردیگر پی ایس پی کے رہنما بھی ساتھ تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں