دعا آئیکون غیر قانونی قرار، کارروائی کا اعلان
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے دعا آئیکون نامی منصوبے کو غیرقانونی قرار دے دیا، قانونی کارروائی کا اعلان، قاسم آباد میں علی پیلس پر شمس آئیکون نامی منصوبے کا غیرقانونی نام تبدیل کیا گیا، اربوں کے ڈیفالٹر بلڈر کا نئے نام سے لوگوں کو دھوکا دینے کی کوشش، تفصیلات کے مطابق قاسم آباد کے علاقے علی پیلس پر دو سال قبل شمس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی جانب سے شمس آئیکون نامی رہائشی و کمرشل منصوبہ شروع کیا گیا جس میں الاٹیز نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری، مذکورہ منصوبے کی پارٹنرز میں لڑائی کے باعث منصوبہ کھٹائی کا شکار ہوگیا اور الاٹیز کے اربوں روپے ڈوب گئے ، مذکورہ منصوبے پر گزشتہ کافی عرصے سے کام بند تھا اور الاٹیز نے رقم واپس کرنے کیلئے متعددبار احتجاج بھی کیا تھا، کچھ دن قبل مذکورہ منصوبے دعا آئی کون کے نام سے ری لانچ کیا گیا تاہم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد نے دعا آئیکون کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ،حیدرآباد ریجن کے اعلامیہ کے مطابق میسرز دعابلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے پروجیکٹ ’’دعا آئی کون‘‘واقع تعلقہ قاسم آباد حیدرآباد نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے این اوسی /اجازت برائے فروخت تاحال حاصل نہیں کی ہے اور مذکورہ پرو جیکٹ کی تشہیر ،پرنٹ میڈیاپر جاری ہے نیز غیر قانونی بکنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ۔جبکہ تعمیراتی پروجیکٹ یا پلاٹوں کی اسکیم میں کسی بھی قسم کی اشتہاری مہم یا بکنگ سے قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے این او سی /اجازت برائے تشہیر و بکنگ حاصل کرنا لازمی ہے ۔ لہٰذامذکورہ پروجیکٹ کے مالکان/ اسپانسر زکا یہ عمل سندھ کنٹرول آرڈیننس 82/1979کے تحت غیر قانونی فعل ہے ادارے نے مذکورہ پروجیکٹ کے خلاف اپنی کارروائی شروع کردی ہے ۔ لہٰذا عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پرجیکٹ ’’دعا آئی کون‘‘ واقع تعلقہ قاسم آباد حیدرآباد میں کسی بھی قسم کی کوئی خرید و فروخت نہ کریں۔ لہٰذا بذریعہ ہذا عوام الناس کو اُن کے اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ مذکورہ بالاپروچیکٹ یا کسی بھی پروجیکٹ /اسکیم میں بکنگ یا خرید و فروخت سے قبل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ،ریجنل آفس ،واقع سوک سینٹر ٹھنڈی سڑک حیدرآباد سے معلومات حاصل کرلیں بصورت دیگر ادارہ کسی بھی قسم کی بکنگ یا لین دین میں ثالث کا کردار ادا نہیں کرے گا۔