میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑلیے ،ایسے محکمے کوآگ لگادو،حکومت

الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑلیے ،ایسے محکمے کوآگ لگادو،حکومت

ویب ڈیسک
هفته, ۱۱ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حوالہ سے ترمیم مسترد کردی۔ جبکہ کمیٹی کے حکومت کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کا حق دینے تجویز کو بھی مسترد کردیا۔ جبکہ حکومتی ارکان کمیٹی اجلاس سے واک آئوٹ کر کے چلے گئے۔ جبکہ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے ریلوے سینیٹر محمد اعظم خان سواتی الیکشن کمیشن حکام پر برس پڑے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں ، آپ جہنم میں جائیں ایسے اداروں کو آگ لگا دیں، الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا ضامن ہے۔ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے۔ اعظم سواتی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کے حکام کمیٹی اجلاس سے واک آئوٹ کر گئے اور واپس الیکشن کمیشن روانہ ہو گئے۔ جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس چیئرمین تاج حیدر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل پر بحث ہونا تھی اور ووٹنگ بھی ہوناتھی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانا ہے، 2014 میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اوورسیز کمیشن کو ووٹ کا حق دینے کا حکم دیا، کوئی ادارہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق پر اعتراضات نہیں لگاسکتا، الیکشن کمیشن نے کیسے اعتراضات کا لفظ استعمال کیا، اسکو حذف کیا جائے۔چیئرمین کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے جواب میں اعتراضات کا لفظ حذف کردیا۔ الیکشن کمیشن نے کیسے ٹائم کیلکولیٹ کیا ہے کہ وقت کم ہے۔مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے مزید کہا کہ فلپائن نے اس سے بھی کم وقت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا، مثال کے بغیر تحفظات کا اظہار کرنا کسی آئینی ادارے کے لیے غیر مناسب ہے ، الیکشن کمیشن بتائے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کیسے سکریسی نہیں رہے گی ، الیکشن کمیشن قومی ذمہ داری ادا کرنے سے مت بھاگے، انکار کا مطلب تو پھر کچھ اور ہے، ای وی ایم پر کام کرنا الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ کا کام تھا، الیکشن کمیشن یہ کام نہیں کرسکا تو یہ اس کی اپنی ناکامی ہے، اس نے اتنے سال پائلٹ پروجیکٹ کیوں روکے رکھا، الیکشن کمیشن کے اعتراضات خود ان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو بجٹ سے متعلق مکمل بھرپور یقین دہانی کراتا ہے ، بجٹ سے متعلق فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا کام ہے نہ کہ کسی ادارے کا ، ابھی کاسٹنگ کہاں سے آگئی۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آیا کہ 150 ارب کی بات کہاں سے آئی۔ اجلاس کے دوران اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں ۔ اس پر الیکشن کمیشن کے حکام احتجاجاً اجلاس کے دوران کھڑے ہو گئے تاہم اعظم سواتی نے اپنی بات جاری رکھی اور کہا کہ آپ جہنم میں جائیں ایسے اداروں کو آگ لگادیں،ای وی ایم بنانا ہماری نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ الیکشن کمیشن ملک میں جمہوریت کو ذبح کرنے کی ضامن ہے۔ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتاہے۔ اس پر الیکشن کمیشن حکام اجلاس سے واک آئوٹ کر گئے ۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اگر حکومت نہیں چاہتی تو الیکشن کمیشن کا آئین سے نکال دے اور خود الیکشن کرالے۔ سینیٹر چوہدری اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جب سے الیکشن کمیشن بااختیار ہو رہا ہے حکومت کو تکلیف ہورہی ہے۔ اس پر کمیٹی چیئرمین نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور انجینئر علی محمد خان اور سینٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ کو الیکشن کمیشن کے حکام کو منانے کے لئے بھیجا تاہم انہوں نے واپس آکر بتایا کہ الیکشن کمیشن حکام کی ناراضگی بہت سخت ہے اور وہ واپس نہیں آرہے۔ اس پر سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ الزام بھی بہت سخت لگائے ہیں ۔ اس پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ میں نے بالکل درست الزامات لگائے ہیں۔ اس پر اعظم سواتی اور مصطفی نواز کھوکھر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ اعظم سواتی صاحب آپ بزرگ ہیں لیکن آپکا رویہ درست نہیں ، اعظم سواتی بتائیں کہ الیکشن کمیشن نے کس سے پیسے لئے ہیں، کیا الیکشن کمیشن نے (ن)لیگ سے پیسے لئے ہیں یا پاکستان پیپلز پارٹی سے پیسے لئے ہیں۔ کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ الیکشن کمیشن کو جان بوجھ کر اس اجلاس سے اٹھایا گیا ہے۔ قائمہ کمیٹی نے نہ صرف انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کو مسترد کردیا بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ سے متعلق ترمیم بھی مسترد کر دی


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں