میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک بھر میں یوم عاشور کے ماتمی جلوس اختتام پزیر

ملک بھر میں یوم عاشور کے ماتمی جلوس اختتام پزیر

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۱ ستمبر ۲۰۱۹

شیئر کریں

شہدائے کربلا کی یاد میں نکالے گئے ماتمی جلوس اختتام پزیر ہوگئے ۔کراچی میں یوم عاشور کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں منعقد ہوئی۔ مجلس کے بعد مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ راستوں میں بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات تھے ۔ایم اے جناح روڈ، صدر، ریگل چوک سمیت جلوس کی گزرگاہوں کے اطراف گلیوں کو بند کیا گیا تھا۔جلوس کے شرکا نے تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کی جس کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔لاہور میں عاشورہ کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس کے راستے کنٹینر اور رکاوٹیں لگا کر سیل کیے گئے اور فضائی نگرانی بھی جاری رہی۔ جلوس کے راستے میں مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند رہے ۔نماز ظہرین رنگ محل چوک پر ادا کی گئی جس کے بعد جلوس دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا۔ جلوس کے راستوں پر جگہ جگہ عزاداروں کیلئے مشروبات کی سبیلیں لگائی گئیں۔ دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس محلہ شیعاں، چوک نواب صاحب، مسجد وزیرخان، سنہری مسجد، رنگ محل، حکیماں والا بازار اور بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔پشاور میں یوم عاشور کے سلسلے میں مختلف امام بارگاہوں سے چھوٹے بڑے بارہ جلوس برآمد ہوئے ۔ یوم عاشور کا پہلا جلوس امام آغا سید علی شاہ رضوی سے گیارہ بجے برآمد ہوا، جلوس کیلئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے ۔جلوس میں شامل عزاداروں نے زنجیر زنی، نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کی۔ ذوالجناح کا ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ آغا مصطفی شاہ پہنچ کر اختتام پزیرہوا۔یوم عاشور کا دوسرا جلوس امام بارگاہ علمدار کربلا سے برآمد ہوا۔پشاور میں روز عاشور کے سلسلے میں چھوٹے بڑے بارہ جلوس مختلف امام بارگاہوں سے برآمد ہوئے ۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ۔ اندورن شہر کو مکمل طور پر سیل کیا گیا جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ۔ملتان میں یوم عاشور پر استاد اور شاگر د کے تاریخی تعزیے اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پزیر ہوئے جبکہ ہیرا حیدریہ اور استانہ لعل کا مرکزی جلوس بھی کربلا میں حضرت شاہ شمس سبزواری کے مزار پر پہنچ کر ختم ہوا۔کوئٹہ میں قافلہ حسینی کی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے علمدار روڈ پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔جلوس علمدار روڈ، طوغی روڈ، لیاقت بازار، پرنس روڈ اور میکانگی روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام
پزیر ہوا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں