میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نیپرانے حیدرآبادمیں ٹرانسفارمرگرنے سے ہلاکتوں کانوٹس لے لیا

نیپرانے حیدرآبادمیں ٹرانسفارمرگرنے سے ہلاکتوں کانوٹس لے لیا

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۱ اگست ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) حیسکو سی ای او کی انتظامی ناکامی، نظام مفلوج، نیپرا نے حیدرآباد ٹرانسفارمرز گرنے اور انسانی جانوں کے زیاں کا نوٹس لے لیا، حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری، 15 دن میں وضاحت طلب، حیدرآباد کے شہریوں نے ریحان حامد کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حیسکو کے نئے مقرر چیف ایگزیکٹو افسر ریحان حامد کی مسلسل انتظامی ناکامی کے باعث حیسکو کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا، حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ، ٹرانسفارمرز گرنے اور جلنے کے باعث کئی کئی دنوں تک بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ حیسکو کے خلاف احتجاج اور روڈ بلاک کے باوجود حیسکو چیف نااہل افسران کے خلاف کارروائی نہیں کر سکے ہیں۔ حیدرآباد شہر میں ٹرانسفارمرز گرنے کے واقعات میں مسلسل تیزی آنے کے بعد انسانی جانوں کی زیاں کا اندیشہ بڑھ چکا ہے، اسلام آباد چوک پر ٹرانسفارمر سے تیل گرنے کے باعث 4 بچے جاںبحق جبکہ لطیف آباد یونٹ نمبر 8 اکبری مسجد کے پاس ٹرانسفارمرز گرنے سے 10 افراد جاںبحق مجموعی طور پر 14 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ سینکڑوں زخمی ہونے کے باوجود حیسکو چیف نے ہوش کے ناخن نہیں لیے، دو دن قبل بھی فقیر کے پڑ کے علاقے کلاتھ مارکیٹ میں ایک ٹرانسفارمر دھماکے سے گر گیا جس سے ایک بچہ زخمی ہوگیا تھا، واقعے کے بعد حیسکو افسران پہنچے تو اہل علاقہ مشتعل ہوگئے۔دوسری جانب نیپرا نے حیدرآباد میں ٹرانسفارمرز گرنے اور انسانی جانوں کے زیاں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 دن میں وضاحت طلب کرلی ہے۔ حیدرآباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے حیسکو چیف ریحان حامد انتظامی طور پر مکمل ناکام ہوچکے ہیں، حیسکو چیف کنڈہ مافیا کے سرپرست بن چکے ہیں انہیں فوری طور پر ہٹایا جائے اور شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں