(غیرقانونی ٹینڈر ) ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں ہڑپ
شیئر کریں
ٹنڈوالہیار ضلع کاؤنسل کے چیف آفیسر عامر علی ڈکھن نے جعلی اشتہار شائع کیا،ذرائع
وزیر بلدیات ودیگر افسران کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے ، سماجی تنظیم کادعویٰ
ٹنڈوالھیار ضلع کائونسل میں ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے ہڑپ کرنے کا منصوبہ، سپرا آئی ڈی کے بغیر کروڑوں کا ٹینڈر جاری، ٹینڈر میں ترقیاتی کاموں کے دیہات کے نام ہی موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جرات کی رپورٹ کے مطابق ٹنڈوالھیار ضلع کائونسل کے چیف آفیسر عامر علی ڈکھن نے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کا ایک جعلی اشتہار شایع کیا ہے، اشتہار دو اخبارات میں شایع کرنے کا دعوی کیا گیا ہے لیکن حقیقت میں اشتہار شایع نہیں کیا گیا اور اسٹالز پر موجود اخبارات میں اشتہار موجود ہی نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر عامر علی ڈکھن نے چیئرمین میر سھیل تالپور، انجنیئر امداد میرجت اور اکائونٹنٹ معاز شیخ کی ملی بھگت سے ایک پریس سے اشتہار کی کچھ کاپیاں شایع کروائی ہیں، اشتہار سپرا کی ویب سائیٹ پر موجود نہیں اور اشتہار پر سپرا کی آئی ڈی بھی تحریر نہیں کی گئی، اشتہار میں کئی دیہات کے نام ہی موجود نہیں اور مختلف دیہات میں اینٹوں کے فرش کی تعمیر کے لئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں۔ سماجی تنظیم سندھ واچ فورم کے چیئرمین چنیسر آریسر نے جرات کو بتایا کہ ٹنڈوالھیار ضلع کائونسل کے فنڈز ہڑپ کرنے کی مبینہ کوشش پر سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کریں، پٹیشن میں وزیر بلدیات سعید غنی، چیئرمین میر سھیل تالپور، چیف آفیسر عامر ڈکھن اور دیگر کو فریق بنایا جائے گا۔


