این آئی سی ایل، گاڑیوں کے پیٹرول پر 122 لاکھ روپے کا زیاں
شیئر کریں
(رپورٹ/ مسرور کھوڑو) نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ انتظامیہ نے 15 سے زائد گاڑیوں کے مبینہ غلط استعمال پرسالانہ ایک کروڑ 22 لاکھ 93 ہزار 6 سو روپے ضائع کردیے، قواعد و ضوابط کے برخلاف اسسٹنٹ منیجر، اسسٹنٹ ، جونیئر اسسٹنٹ سمیت نچلے گریڈ کے افسران، ملازمین و دیگر افراد کو گاڑیاںکیلئے ماہانہ 3 سو لیٹر تک پیٹرول دیا جا رہا ہے، ادارے میں قومی خزانے کے نقصان پرسیکریٹری کامرس کو تحریری شکایت جمع کرادی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق این آئی سی ایل انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں کے غلط استعمال پر خطیر رقم ضائع کی جا رہی ہے، قواعد و ضوابط کے برخلاف دی گئیں گاڑیاں ڈپٹی منیجر، ایگزیکٹو افسر ، اسسٹنٹ منیجر ، اسسٹنٹ ، جونیئر اسسٹنٹ سمیت نچلے گریڈ کے افسران، ملازمین اور دیگر افراد کے زیر استعمال ہیں،جن میں سے گاڑی نمبراے ڈبلو این 111 ،آئی ڈی این 830 ، اے کے ایل 341 ، جی اے 6504 ،ایل ای اے 4021 ، جی ڈی 940 اور اے آر کے 172 سمیت دیگر ٹویوٹا کرولا گاڑیاں شامل ہیں، جن پر ماہانہ صرف پیٹرول کی مد میں 10 لاکھ 78 ہزار 3 سو روپے جبکہ سالانہ ایک کروڑ 22 لاکھ 93 ہزار 6 سو روپے ضائع کیے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری کامرس کو دی گئی تحریری درخواست میں گاڑیوں کے غلط استعمال، پیٹرول کی مد میں کروڑوں روپے کی نقصان پر تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں موقف لینے کے لیے سی ای او، این آئی سی ایل خالد حمید اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق عزیز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ ممکن نہیں ہوا۔