پیٹرول کی قلت اوگرا نے تیل ڈپوئوں کے معائنے کیلئے ٹیموں کومتحرک کردیا
شیئر کریں
ملک میں پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی قلت بڑھنے کے بعد اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں بھی ایکشن میں آگئیں۔کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں پیٹرول غائب ہونے اور بیشتر پمپس کی جانب سے پیٹرول نہ دئیے جانے پر عوام کوشدید پریشانی کا سامنا ہے، جن پمپس پر پیٹرول موجود ہے وہاں عوام کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں گزشتہ 9 روز سے جاری پیٹرول کی قلت پر اوگرا نے ایکشن لیا ہے اور اپنی انفورسمنٹ ٹیموں کو متحرک کردیا ۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی انفورسمنٹ ٹیمیں ملک بھر میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ڈپوز کا معائنہ کریں گی۔ ترجمان اوگرا کے مطابق ٹیمیں فیول اسٹاکس چیک کریں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ترجمان اوگرکے مطابق بدھ سے اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں پیٹرولیم ڈویژن کے ادارے ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے ماہرین کے ہمراہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ڈپوز میں موجود فیول اسٹاکس کا معائنہ کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ خلاف ورزی کی مرتکب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔