میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج، کمرہ عدالت سے گرفتار

حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج، کمرہ عدالت سے گرفتار

ویب ڈیسک
منگل, ۱۱ جون ۲۰۱۹

شیئر کریں

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کی جانب سے رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیں۔ ضمانت کی درخواستیں خارج ہونے کے بعد نیب اہلکاروں نے حمزہ شہباز کو کمرہئ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع کے حوالے سے درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت حمزہ شہباز کے وکیل سلمان اسلم بٹ کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب پہلے ہمیں فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے خط کی کاپی فراہم کرے تاکہ ہم اپنے اگلے دلائل جاری رکھیں تاہم عدالت جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ وہ دوسری ا سٹیج اور ٹرائل کورٹ کا معاملہ ہے، اس موقع پر آپ کو میرٹ پر دلائل دینا ہوں گے لیکن ٹرائل کورٹ کی بات یہاں نہیں کرنی ہو گی۔ اس پر سلمان اسلم بٹ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی درخواست ضمانت واپس لیتے ہیں عدالت نے جو فیصلہ کرنا ہے کر دے۔اس پر عدالت نے رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیادپر خارج کر دیں۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ 21کروڑ روپے کی لاگت سے رمضان شوگر ملز کو فائدہ پہنچانے کے لیے نالہ تعمیر کیا گیا تھا اور اس میں حمزہ شہباز ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز نے غیر قانونی طور پر اثاثے بنائے اور جو اثاثے بنائے وہ آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے جبکہ سال 2015 سے لے کر 2018 تک حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 41کروڑ روپے تھی تاہم 38کروڑ روپے کے اثاثوں کی وضاحت حمزہ شہباز نہیں دے سکے۔ ا نہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کے بینک اکاؤنٹس میں 40لوگوں نے بیرون ملک سے پیسے ٹرانسفر کیے اور 38لوگوں سے ہم نے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہی نہیں کہ ہمارے بینک سے کیسے یہ پیسے ٹرانسفر ہوئے، یعنی یہ بھی جعلی بینک اکاؤنٹس کا معاملہ تھا۔ جہانزیب بھروانہ کا کہنا تھا کہ جن دو منی ایکسچینجرز نے حمزہ شہباز کی جانب سے پاکستان سے پیسے باہر بھجوائے ان دونوں کو نیب نے گرفتار کر لیا ہے اور اس حوالے سے واضح ثبوت موجود ہیں۔ کمرہ عدالت میں (ن)لیگی وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی اور وکلاء حمزہ شہباز کے ساتھ سیلفیاں بنا تے رہے۔ جبکہ کمرہ عدالت کے باہر بھی (ن)لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں