نیا قرض پروگرام ، مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
شیئر کریں
پاکستان کے ساتھ نئے قرض پروگرام پر مذاکرات کیلئے پہلے مرحلے میں اورآئی ایم ایف کی تکنیکی ماہرین کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نئے قرض پروگرام پر مذاکرات کا آغاز15مئی سے شیڈول ہے ، آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر وفد کی قیادت کریں گے ۔ذرائع کے مطابق ماہرین کی ٹیم وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام سے ملاقاتیں کریں گی، مذاکرات سے پہلے ماہرین کی ٹیم حکومت کے ساتھ ڈیٹا پربات چیت کرے گی، وزارت خزانہ نئے قرض پروگرام پر آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیا قرض پروگرام 6سے 8ارب ڈالرز اور دورانیہ تین سال یا اس سے زیادہ ہو سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق قرض کا نیا پروگرام آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر ملنے کا امکان ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ نے بتایاکہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں جانا ناگزیر ہے ، بڑھتے قرضے اور لیے گئے قرضوں کی ادائیگی ایک بڑاچیلنج ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ نے بتایاکہ خسارے کا شکار سرکاری اداروں میں اصلاحات درکار ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے اقدامات کرنا ہوں گے ، مذاکرات کرنے سے قبل پاکستان کو اہم معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں حالیہ کمی پر آئی ایم ایف کو مطمئن کرنا چیلنج ہوگا۔