ہنسنے ہنسانے والے ’’جیدی‘‘ مداحوں کو رُلاتے بچھر گئے
شیئر کریں
اردو دنیا کے ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز اور ٹیلی ویژن کے کردار جیدی سے شہرت حاصل کرنے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔اداکار اطہر شاہ خان جیدی طویل عرصے سے شوگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور وہ رضائے الہٰی سے انتقال کر گئے ۔اطہر شاہ خان مرحوم نے سوگوارن میں اہلیہ اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔مرحوم اطہر شاہ خان بھارت کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے اور انتقال کے وقت ان کی عمر 77 برس سے زائد تھی۔ آپ 1947 میں خاندان کے ساتھ لاہور اور 1957 میں کراچی منتقل ہوئے ۔اطہر شاہ خان جیدی نے لاہور سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پشاور سے سیکنڈری تک پڑھا اور پھر کراچی میں اْردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا، بعدازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ماسٹرز بھی کیا۔ان کا شمار ٹیلی ویژن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے ۔اطہر شاہ خان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں انتظار فرمائیے ، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، با اَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر شامل ہیں۔انتظار فرمائیے ، وہ سیریل تھی جس نے اطہر شاہ خان کو ‘جیدی’ بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔2001ء میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نے جب اپنی سلور جوبلی منائی تو اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چہروں پر مسکراہٹیں بکھرا کر لوگوں کے غم بانٹنے والا جیدی سفر آخرت پر روانہ ہوگیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اطہر شاہ خان نے جیدی کے کردار کے ذریعہ سماجی برائیوں پر بھرپور طنز کیا،انہوں نے اپنی لازوال اداکاری سے جیدی کے کردار کو امر کردیا۔وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے معروف مزاحیہ اداکار اطہر شاہ خان عرف جیدی کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ اطہر شاہ کا انتقال پورے ملک کو سوگوار کرگیا ہے۔ ناصر شاہ کے مطابق لوگوں کو ہنسانے والے آج ہم سب کو رلا کر چلا گیا۔اطہر شاہ خان عرف جیدی کے انتقال پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں محمد احمد شاہ نے کہا کہ دنیا کو ہنسانے اور خوشیاں بانٹنے والے اطہر شاہ خان کی آواز آج بند ہو گئی ۔