عالمی منڈی میں تیل قیمتوں کی کمی کا فائدہ اٹھانے کا منصوبہ تیار
شیئر کریں
حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اٹھانے کا پلان تیار کر لیا ہے ۔ خام تیل، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیشگی خریداری کی تیاری مکمل کرلی، مخصوص عرصے کیلئے تیل کی ایک مقررہ قیمت پر مخصوص مقدار خریدنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے ۔دستاویز کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے ۔ پیٹرولیم ڈویژن سمری منظوری کیلئے ای سی سی میں پیش کرے گا۔سمری کے مطابق ایک سے دو سال کیلئے پیشگی تیل خریدنے کی تجویز ہے ۔ خام تیل، پیٹرول اور ہائی ا سپیڈ ڈیزل کی مجموعی سالانہ درآمدات کا نو فیصد یا ڈیڑھ کروڑ بیرل سالانہ پیشگی خریداری کی تجویز ہے ۔پیٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ کیلئے پاکستان ا سٹیٹ آئل کو کائونٹر پارٹی بنانے کی تجویز ہے اور وزارت خزانہ پی ایس او کو پرفارمنس گارنٹی کی منظوری دے گی۔ہیجنگ کے متعلق امور کو مخصوص بینکوں کے ساتھ حتمی شکل دینے کیلئے سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے ۔ادھر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے آئل امپورٹ نہ کرنے کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔ پی ایس او کے علاوہ کسی آئل کمپنی کے پاس ہائی سپیڈ ڈیزل کا ذخیرہ دستیاب نہیں ہے ۔ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے گزشتہ ماہ تیل درآمد نہیں کیا۔ تاہم اب گندم کٹائی سیزن شروع ہونے اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے باعث ہائی سپیڈ ڈیزل کی کھپت میں اچانک اضافہ ہو گیا ہے ۔ ذخیرہ نہ ہونے کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ڈیزل کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ کمپنیوں کی جانب سے تیل درآمد نہ ہونے سے پی ایس او پر سارا بوجھ منتقل ہو گیا ہے ۔