سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، فاطمہ آئی کون میں غیر قانونی دکانیں قائم کروادی گئیں
شیئر کریں
(وقائع نگار خصوصی) جمشید کوارٹر میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسیب اور بلڈنگ انسپکٹر رضا نے فاطمہ آئی کون میں گرائونڈ فلور پر 6 غیر قانونی دکانیں قائم کروادیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ غیر قانونی دکانیں ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو کی ہدایت پر بنانے کی اجازت دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جمشید ٹائون کے پلاٹ نمبر JM-450 پر بلڈر اشفاق اور بلڈر عمران کی جانب سے بنائے گئے پروجیکٹ فاطمہ آئی کون میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ضلع شرقی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسیب اور بلڈنگ انسپکٹر رضا کی مدد سے 6 غیر قانونی دکانیں قائم کردی گئی ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے 6 غیر قانونی دکانوں کے شیٹر لگانے کے عوض بلڈر سے 30 لاکھ سے زائد کا بھتہ وصول کیا ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران غیر قانونی دکانیں قائم کئے جانے کا سارا الزام سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو پر لگاتے ہیں افسران کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ غیر قانونی دکانوں کیلئے بلڈر کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سے خصوصی سفارش کرائی تھی ذریعے کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرحسیب جمشید کوارٹر میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہے اور اس کو ڈائریکٹر سمیع جملانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیاز لغاری کی سرپرستی حاصل ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل بھی مذکورہ ماتحت افسران کے خلاف کارروائی سے گریز کرتے ہیں اس حوالے سے جب اسسٹنٹ ڈائریکٹر حسیب سے رابطہ کرنا چاہا تو انہوں نے بات کرنے سے انکار کردیا۔