موجودہ صورتحال میں ایشیاکپ کاانعقاد غیریقینی ہے ، احسان مانی
شیئر کریں
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ایشیاکپ کا انعقاد غیریقینی ہے ، ایشیا کپ کے مستقبل سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ایک بھارتی اخبار سے گفتگو میں کہا کہ ہوسکتا ہے ایک ماہ کے اندر صورتحال واضح ہو جائے ، ستمبر 2020 میں ایشیا کپ شیڈول ہے ، جسے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جانا ہے ۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے ۔ تاہم ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس نہ ہونے پر ٹورنامنٹ کے وینیو کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ احسان مانی نے کہا کہ ابھی تک تو اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے ، پوری دنیا اس وقت ایک غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے اور کسی کو بھی نہیں پتہ کہ ستمبر میں کیا صورتحال ہوگی، میری بات کا غلط مطلب نہ لیا جائے ، لیکن تمام باتوں کا انحصار مستقبل کے حالات پر ہیں۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے کئی بین الاقوامی ایونٹس منسوخ ہوچکے ہیں، جس میں کہ آئی پی ایل بھی شامل ہے ۔ اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی اس بات کی تصدیق کرچکے ہیں کہ اس سال کے ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان دونوں شامل ہونگے ، انہوں نے مزید کہا کہ میزبان ملک کے حوالے سے کنفیوڑن کے بعد یہ ٹورنامنٹ دبئی میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی بورڈ یہ بھی کہہ چکا ہے کہ اسے پاکستان کی میزبانی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم اسکے لیے ضروری ہے کہ یہ کسی نیوٹرل وینیو پر منعقد ہو۔ادھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ منتظمین اس ماہ کے اوائل میں کہہ چکے ہیں کہ انہیں امید ہے کہ یہ اہم ٹورنامنٹ آسٹریلیا میں منعقد ہوگا۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈولڈ ہے