اینٹی کرپشن لاڑکانہ ، گندم کے گوداموں پر چھاپے
شیئر کریں
صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر کرپشن کے خلاف جاری مہم کے دوران اینٹی کرپشن لاڑکانہ سرکل ٹیم نے سرکل افسر امان اللہ راجپر کی سربراہی میں گندم کے گوداموں پی آر سی باڈہ اور ڈوکری پر چھاپے مارے۔ چھاپے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول لاڑکانہ کی تحریری شکایت پر جوڈیشل مجسٹریٹ میر حسن نورانی کی موجودگی میں مارے گئے۔ واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق فوڈ انسپکٹر اور سینٹر انچارج نے ان مراکز پر گندم کی بوریوں میں کروڑوں روپے کی خرد برد کی ہے۔ سرکل افسر امان اللہ راجپر کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل ٹیم گوداموں کی چیکنگ کررہی ہے اور گندم کی بوریوں میں خرد برد ثابت ہونے پر ذمداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں افسران کو ہدایت دی ہے کہ کرپشن کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جائے اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف بلا خوف و خطر کارروائی عمل میں لائی جائے۔