گلوکاری سے کوئی دلچسپی نہیں تھی ،کرکٹربننا چاہتا تھا،عاطف اسلم
شیئر کریں
معروف گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ مجھے گلوکاری میں کوئی دلچسپی نہیں تھی میں اتھلیٹ تھا اورکرکٹر بننا چاہتاتھا۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ والدین چاہتے تھے کہ اپنی پڑھائی مکمل کروں، والدین کو لگا کہ شاید کرکٹ کھیلنا صرف میرا مشغلہ ہے لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ میں کتنا اچھا کھلاڑی تھا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے میری پڑھائی متاثر ہورہی تھی، میں ایک اچھا بولر تھا اور میری توجہ زیادہ سے زیادہ وکٹس حاصل کرنے پر تھی تاہم والدین کی وجہ سے کرکٹ چھوڑدی۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ چھوڑنے کے بعد ایک دم خاموش اور اکیلا ہوگیا تھا لیکن ایک دن میں نے نصرت فتح علی خان کو سنا اور پھر میں نے پیچھے نہیں دیکھا۔عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ گلوکاری سے متعلق میں نے اپنے والدین کو نہیں بتایا، میرا پہلا گانا عادت ریلیز ہونے کے 3 سال بعد پڑوسی میرے گھر آیا اور والد سے کہا کہ آپ کے بیٹے کی زبردست آواز ہے اور بہت اچھا گانا گایا ہے جس پر والد نے خاص ردعمل نہیں دیا۔انہوںنے کہاکہ شروع میں انہیں میرا گانا اچھا نہیں لگا تاہم جب لوگوں نے تعریف کی تو انہیں بھی میری گائیکی اچھی لگنے لگی۔