
پورٹ قاسم ،ایمرجنسی حالات میں ٹریفک مینجمنٹ پلان بنانے میں ناکام
شیئر کریں
کسی بھی حادثے کی صورت میں پورٹ کی ٹریفک میں تعطل پیدا ہونے کا خدشہ
پورٹ انتظامیہ کو اپریل 2020میں آگاہ کیا گیا ، انتظامیہ کی پراسرار خاموشی
پورٹ قاسم اتھارٹی خراب موسم کے دوران یا ایمرجنسی حالات میں ٹریفک مینجمنٹ پلان بنانے میں ناکام ہو گئی، پورٹ کے روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول ہو گیا، کسی بھی حادثے کی صورت میں پورٹ کی ٹریفک میں تعطل پیدا ہونے کا خدشہ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی کے ٹریفک اثرات کی جائزہ رپورٹ کے کلاز 4.2.3میں تحریر ہے کہ پورٹ پر کوئلے ، سیمنٹ اور کنکر ٹرمینل کے لئے انتظامیہ کو گاڑیوں کو تقسیم کرنے اور گاڑیوں کی لمبی قطاروں کو کم کرنے کے لئے مینجمنٹ پلان تیار کرنا ہے تاکہ خراب موسم کے دوران کسی بھی حادثے یا نقصان سے بچایا جائے ، ٹریفک میں تاخیر نہ ہو۔ پورٹ پر ایل این جی اور کول ٹرمینل کے متعلق ماحولیاتی اثرات کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی نے گاڑیوں کو تقسیم کرنے ، شدید ٹریفک جام کو کرنے م اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے کوئی پلان مرتب نہیں کیا۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کی انتظامیہ کو اپریل 2020میں آگاہ کیا گیا لیکن انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی اور کوئی جواب نہیں دیا، جس پر اعلیٰ حکام نے سفارش کی کہ ڈی اے سی کا اجلاس طلب کیا جائے لیکن ڈی اے سی کا اجلاس بھی طلب نہیں کیا گیا، اعلیٰ حکام نے سفارش کی ہے کہ ٹریفک اثرات کی جائزہ رپورٹ کی روشنی میں مینجمنٹ پلان تیار کیا جائے۔