دفتر میں دوسری بار ٹوائلٹ جانے والوں پر جرمانہ ہوگا،چینی کمپنی کا انوکھافیصلہ
شیئر کریں
انپو الیکٹرک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نامی ایک چینی کمپنی نے ایک نوٹس کے ذریعے اپنے ملازمین کو آگاہ کیا ہے کہ وہ دفتر میں کام کے دوران صرف ایک بار ہی ٹوائلٹ جاسکتے ہیں اور اگر کوئی ملازم ایک دن میں دوسری بار ٹوائلٹ جائے گا تو اسے 20 یوآن (تقریبا 500 پاکستانی روپے )جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔کمپنی کے کسی نامعلوم ملازم نے یہ نوٹس چینی سوشل میڈیا سائٹس پر شیئر کرا دیا جس کے بعد اس کمپنی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔اس کے جواب میں انپو کمپنی نے کہاکہ سست اور کاہل ملازمین اکثر اوقات کام سے بچنے کیلیے بار بار ٹوائلٹ میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں اور مزے سے سگریٹ پیتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے کام کا ہرج ہوتا ہے ۔ کمپنی نے وضاحت کی کہ جرمانے کی رقم ملازمین کی تنخواہ میں سے نہیں کاٹی جارہی بلکہ سالانہ اور ششماہی بونس میں سے کٹوتی کرکے وصول کی جارہی ہے ۔کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ملازم اپنے شعبے کے سربراہ کی تحریری اجازت سے دن میں کئی بار ٹوائلٹ جارہا ہے تو اس پر جرمانہ نہیں کیا جاتا۔یہ موقف سامنے آنے کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے کمپنی کی حمایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ نکمے اور کام چور ملازمین نے انپو کمپنی کو یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔تاہم بہت سے لوگوں کو اس رائے سے اتفاق بھی نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر ملازم کو کاہل اور کام چور سمجھنا بالکل بھی درست نہیں کیونکہ مختلف بیماریوں بالخصوص ذیابیطس کی وجہ سے بار بار پیشاب آتا ہے اور ٹوائلٹ جانے کی فوری ضرورت پڑتی ہے ۔ یہ پابندی ایسے افراد کے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔