میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلڈر مافیا کا بااثر اور طاقتورگروپ ایک بار پھر سرگرم

بلڈر مافیا کا بااثر اور طاقتورگروپ ایک بار پھر سرگرم

ویب ڈیسک
منگل, ۱۰ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

کراچی میں بلڈر مافیا کا بااثر اور طاقتورگروپ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا۔شہریوں سے نامکمل منصوبوں کے نام پر اربوں روپے لوٹ لئے گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کراچی میں بلڈر مافیا نے ایک بار پھر سادہ لوح شہریوں کو اپنے گھر کا سہانا خواب دکھا کر ان کی عمر بھر کی کمائی ہڑپ کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں سالوں قبل تعمیراتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا، جس کی مختلف ذرائع ابلاغ میں تشہیر کر کے شہریوں سے بکنگ کی مد میں بھاری رقوم وصول کی گئیں تھیں،تاہم مذکورہ رہائشی منصوبوں پر نہ ہی کوئی پروجیکٹ مکمل ہو سکا اور نہ ہی شہریوں کو قبضہ دیا جاسکا۔ ان معاملات کی شکایت ایک اہم ترین ادارے کے سربراہ کو گزشتہ دنوں ان کے دورہ کراچی میں شہر کے ممتاز تاجروں کی جانب سے ایک اجلاس میں کی گئی تھی۔اسلام آباد واپسی کے بعد ادارے کے سربراہ کو پیش کی گئی اس رپورٹ میں یہ خوفناک انکشاف کیا گیا ہے کہ اس کارٹل میں شہر کے کچھ بلڈرز کے ہمراہ منی چینجر اور حوالہ نیٹ ورک چلانے والے کچھ افراد شامل ہیں، جن کے ذریعے عوام سے اربوں روپے لوٹ کر دبئی، لندن، امریکہ اور کینیڈا منتقل کیے گئے ہیں۔ جہاں ان بلڈرز نے اپنے اہل خانہ اور فرنٹ مینوں کے نام گھر، مارکیٹیں اور گیس اسٹیشن خرید لیے ہیں۔ اس صورتحال میں ان بلڈرز کے پارٹنرز میں بھی بے چینی پائی جارہی ہے اور آپس میں تلخ کلامی کے بھی واقعات پیش آئے ہیں، کیونکہ رہائشی منصوبوں کا قبضہ وقت مقررہ پر نہ ملنے پر کئی بکنگ آفس پر عوام دھاوا بول چکے ہیں اور کئی جگہ تلخ کلامی اور بکنگ آفس میں توڑ پھوڑ کے بعد پولیس بھی طلب کی جاچکی ہے ۔ شہریوں کو کھلے عام لوٹنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری اور ساری ہے اور اس سلسلے میں سندھ بلڈنگ کنٹرل اتھارٹی جو کہ کسی مکان کی تعمیرات دو فٹ باہر نکلنے پر کارروائی اور نوٹس جاری کرتا ہے پراسرار طور پر خاموش ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں