مہاجر اور پختون ملکی سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، آفاق احمد
شیئر کریں
ایک دوسرے کیلئے احترام اور برداشت وقت کی اہم ضرورت ہے،پختونوں کو بھائی سمجھتے ہیں
انصاف اور آل ڈمپر ایسوسی ایشن کے دو مختلف وفودکی چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ سے ملاقات
مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد سے انصاف ٹرک ڈمپر ایسوسی ایشن اور آل ٹرک ڈمپر اونر ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد نے حاجی یوسف اور آغا میاں جان کی قیادت میں آفاق احمد کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں کراچی گرینڈ الائنس کے سربراہ اسلم خان بھی موجود تھے ۔ وفد کے سربراہ نے آفاق احمد سے کہا کہ ہمیں حادثات میں انسانی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ ہے، انہوں نے کہا کہ کوئی انسان جان بوجھ کر چیونٹی بھی نہیں مارتا انسان کیسے مار سکتا ہے ۔ وفد نے کہا کہ حادثات کی وجہ کہیں قواعد و ضوابط پر عمل نا کرنا یا ڈرائیور کی غفلت ہوسکتی ہے لیکن حادثات کی بڑی وجہ سڑکوں کا تباہ ہونا اور سڑکوں کے دونوں طرف آدھے سے زیادہ حصہ پر انتظامیہ کی سرپرستی میں ٹھیلوں اور پتھاروں کا قبضہ ہے۔آفاق احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پختونوں کو بھائی سمجھتے ہیں، ڈمپر یا ہیوی ٹریفک کے حادثات پر میری جانب سے قوانین پر عملدرآمد کروانے کی اپیل کوپیپلز پارٹی کی جانب سے لسانی رنگ دے کر اسے پختون مہاجر فسادات کرانے کی سازش قرار دیا گیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب سرحدپر کشیدگی ہے اور تمام قومیتوں میں ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے، پی پی نے پختونوں کے ہوٹل سیل کرکے شہر میں غیر یقینی اور اضطراب پیدارنے کی کوشش کی ہے تاکہ پختون موجودہ حالات میں ملکی سلامتی کیلئے سوچنے اور اپنی افواج کے ہاتھ مضبوط کرنے کی بجائے اپنے معاش کے چکر میں الجھا رہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر اور پختون ملکر ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اختلافات سگے بھائیوں میں بھی ہوتے ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے مل کر حل تلاش کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ایک دوسرے کیلئے برداشت اور احترام وقت کی ضرورت ہے۔


