امریکی سفیر کو دو ٹوک جواب، آرمی چیف کا ڈومور کا مطالبہ ماننے سے انکار
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورورپورٹ) پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اوراردن کی ایئر فورس کے کمانڈرمیجر جنرل یوسف احمد نے جمعرات کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ان ملاقاتوں میں دو طرفہ امور سمیت علاقائی سلامتی کے معاملات زیر بحث آئے، کمانڈر اردن ایئر فورس نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفیر سے ملاقات میں آرمی چیف نے پھر دو ٹوک موقف اپنایا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے بڑھ کر کسی نے قربانیاں نہیں دیں، اس لیے امریکا کو ڈو مور کامطالبہ پاکستان سے کرنے کی بجائے ان ممالک سے کرنا چاہیے، جو افغانستان مین قیام امن کے لیے آئے تھے۔ پاکستان علاقائی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، آرمی چیف نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی بھی مذمت کی اور اس میں شہید پولیس افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔