فلاحی ریاست کے لیے ہر شہری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا‘ گورنر سندھ
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ فلاحی ریاست کی تشکیل کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا، اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور برداشت کے رویہ کو عام کرنے میں اجتماعی سوچ کو پروان چڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اس ضمن میں معاشرہ اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات اہم ثابت ہو رہے ہیں، قومی جذبہ سے سرشار افراد ریاست کا قابل فخر اثاثہ اور وطن سے محبت کرنے والوں کے لیے قابل تقلید ہیں۔ اس ضمن میں فکس اٹ (Fixit)کے بانی وسماجی کارکن عالم گیر نے شہر میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ شجر کاری مہم میں حصہ لے کر بے لوث خدمت کا جذبہ اجاگر کیا جو نوجوان نسل کے لئے وطن و شہر سے محبت کرنے کا واضح پیغام ہے ان خیالات کاا ظہار انہوں نے فکس اٹ کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔دریں اثنا گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات کے تحت معاشی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے خطہ میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے اس ضمن میں چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفود کے تبادلے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے میں اہم ثابت ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر گورنر ہائوس میں یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے ملاقا ت میں کیا۔