ملزمہ نتاشا کی منشیات کیس میں ضمانت مسترد،فیصلہ سیشن عدالت میں چیلنج
شیئر کریں
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی انسداد منشیات کیس میں درخواست ضمانت مسترد کر دی۔عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کرنے کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیاجبکہ ملزمہ کے وکیل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو سیشن عدالت میں چیلنج کر دیا۔ وکیل نے کہا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے درخواست ضمانت میں اہم شواہد کو نظر انداز کیا۔پیرکوجوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے کار ساز حادثے میں ملزمہ نتاشہ کی جانب سے منشیات کے استعمال کے خلاف کیس کی سماعت سماعت کی۔سٹی کورٹ نے منشیات کیس میں ملزمہ نتاشہ کی درخواست ضمانت مسترد کی، ملزمہ کے خلاف پولیس کی جانب سے امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔دوسری جانب عدالت نے کار ساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشہ کی انسداد منشیات کیس میں درخواست ضمانت مسترد کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں کہاگیاہے کہ سرکاری وکیل کے مطابق کیمیکل ایگزامنر کی رپورٹ کی بنیاد پر امتناع منشیات ایکٹ کا مقدمہ درج کیا گیا، ملزمہ کے وکیل امتناع منشیات ایکٹ کے سیکشن 11 سے متعلق عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے۔عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ امتناع منشیات ایکٹ کا اطلاق صرف شراب نوشی کی حد تک نہیں بلکہ اس کا دیگر اشیا کے استعمال پر بھی اطلاق ہوتا ہے، وکیل صفائی نے کیمیکل رپورٹ کی شفافیت سے متعلق سوال اٹھائے۔حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ کیمیکل ایگزامینیشن کی رپورٹ ماہرین کی رائے پر مبنی ہے، آئس کے خون اور یورین کے نمونوں میں موجودگی کی مدت میں فرق ہو سکتا ہے، وکیل صفائی نے چھٹی کے باعث ملزمہ کے نمونوں کے غیرمحفوظ ہونے سے متعلق خدشات ظاہر کیے، پولیس ریکارڈ میں نمونوں کے غیرمحفوظ ہونے سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے۔عدالت نے کہا کہ متوفین کے قانونی ورثا کے این او سی اس مقدمے میں معنی نہیں رکھتے کیونکہ اس مقدمے کا مدعی سرکار ہے، آئس کا استعمال معاشرے بالخصوص نوجوانوں میں تیزی سے سرایت کررہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ معاشرے سے آئس جیسے نشے کی بیخ کنی کی جائے۔عدالتی حکم نامے میں کہا گیاہے کہ اس سے قبل کہ یہ پوری نسل کو اپنی لپیٹ میں لے، آئس نشے کی روک تھام ضروری ہے، ملزمہ اعلی تعلیم یافتہ اور اچھے معیار زندگی کی حامل ہے، اعلی تعلیم یافتہ فرد کے بغیر لائسنس لاپرواہی سے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے نتیجے میں 2افراد کی ہلاکت افسوسناک اور حیران کن ہے۔