پاکستان میں سیلاب سے بڑی تباہی آئی،عالمی برادری مددکرے انتونیوگریس
شیئر کریں
پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، دورے کا مقصد سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
سیلاب کے بعد متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت، افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (بیورورپورٹ)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلی پر کوئی خاص منفی اثرات مرتب نہیں ہوئے تاہم یہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں سے ایک ہے ، ضروری ہے عالمی برادری بالخصوص ماحولیاتی تبدیلی کا سبب بننےوالے ممالک اس بات کو تسلیم کریں اور اب وہ تعمیر نو، متاثرہ افراد کی بحالی میں مدد کر کے تعاون کر سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کا دورہ کیا اس موقع انتونیو گوتریس کو سیلاب سے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، دورہ پاکستان کا مقصد سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے، سیلاب ایک قدرتی آفت ہے جو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آتا ہے، متاثرین کی مدد کے لیے تمام ادارے جو مدد فراہم کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے،موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان متاثر ہورہا ہے۔نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے بعد متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت، افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہی ہے، سیلاب کے دوران عوام نے مشکلات اور تکالیف کا سامنا کیا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے پاکستان آمد پر شکر گزار ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کا سامنا کررہا ہے اور کل دنیا کے دیگر ممالک اور خطے اس کا سامنا کر سکتے ہیں لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم صورتحال کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ریسکیو اور ریلیف کے عمل سے گزر رہے ہیں اور جلد ہم تعمیر نو اور بحالی کا عمل شروع کریں گے جس کے لیے بڑی رقم کی ضرورت ہے، پاکستان اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین کوششیں کررہا ہے اور ہم عالمی برادری کی جانب سے بھی دی گئی امداد پر بھی ان کے شکر گزار ہیں۔شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے تعاون پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ہمیں ریلیف اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کی مرمت کے لیے اگر مناسب امداد نہ ملی تو ہم مشکل میں ہوں گے، ہم اس چیلنج کی وجہ سے شدید مشکل میں ہیں اور ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی بھرپور مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔بعد ازاں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کی کی مدد اور تعاون کے لیے ہرممکن ذرائع بروئے کار لائیں گے۔انہوںنے کہاکہ انتونیو گوتریس نے پاکستانیوں سے بڑھ کر نہیں تو پاکستانیوں کی طرح ضرور گفتگو کی جس سے میں بہت متاثر ہوا ہوں اور اس کے لیے میں ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔؎
انتونیوگریس
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔