میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نواز لیگ ، پیپلزپارٹی شراب پر پابندی کی مخالف نکلیں، بل مسترد

نواز لیگ ، پیپلزپارٹی شراب پر پابندی کی مخالف نکلیں، بل مسترد

ویب ڈیسک
جمعه, ۱۰ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی مخالفت پر ملک میں شراب پر مکمل پابندی کا بل مسترد ہوگیا، اجلاس میں غیر مسلم اراکین نے واضح کیا ہے کہ شراب کسی مذہب میں جائز نہیں ہے، ملک میں اس کے کاروبار کو کسی مذہب سے نہ جوڑا جائے۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران اقلیتی رکن کھیل داس کے شراب پر مکمل پابندی کے آئینی ترمیم بل کا جائزہ لیا گیا۔ محرک نے کہاکہ ہندو مذہب سمیت کسی مذہب میں شراب پینے کی اجازت نہیں ہے، ہمیں شراب پینے پلانے سے سروکار نہیں ہے بلکہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ کسی مذہب سے شراب کے استعمال کو نہ جوڑا جائے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر اور مسلم لیگ ن کے رکن محمود بشیر ورک نے بل کی مخالفت کی اور کہا کہ قدغنیں نہ لگائیں، بعض مذاہب میں اجازت ہے بلکہ غیر مسلموں کے بعض مذہبی تہوار کے موقع پر شراب کی اجازت ہے۔ بل کے محرک سمیت دیگر اقلیتی ارکان نے کہاکہ یہ درست نہیں ہے۔شنیلا رتھ نے کہاکہ ان کے والد پادری رہے ہیں، عیسائی مذہب میں بھی قطعاً شراب کی اجازت نہیں ہے۔ عطاء اللہ خٹک نے کہاکہ کسی مذہب کو بدنام نہ کیا جائے تمام مذاہب میں پابندی ہے بل کو منظور کیا جائے۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ مسائل پیدا ہوں گے، خاتون اقلیتی رکن نے کہاکہ یہ تل ہمارے ماتھے پر لگایا جارہا ہے میں چیلنج کرتی ہوں عیسائی مذہب میں شراب کی اجازت نہیں ہے حرام قرار دیا گیا ہے۔ حکومت پرمٹ اور لا ئسنس کے اجراء کیلئے کسی مذہب کا سہارا نہ لے اور اسے غیر مسلموں سے نہ جوڑا جائے۔ کھیل داس نے کہاکہ ہماری کمیونٹی میں مسائل پیدا ہورہے ہیں ، گلیوں اور گھروں میں شراب فروخت ہورہی ہے مکمل طورپر پابندی لگائی جائے۔ جے یو آئی کی عالیہ کامران نے بھی ان کی حمایت کی۔ دونوں بڑی جماعتوں کی مخالفت پر مکمل شراب کی پابندی کا بل مسترد کردیا گیا، اسی طرح آئین و قوانین سے اقلیت کے الفاظ تحلیل کرنے کی ترمیمی بل پر بھی حکومت سے ورکنگ پیپر مانگ لیا گیا ہے کہ یہ الفاظ کہاں کہاں درج ہیں۔ وزارت کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بھی دیکھا جائے کہ اقلیت کے الفاظ کن کن ممالک میں استعمال کیے جاتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں