سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، بھتہ کی ریکوری کرنے والا اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ سے بے دخل
شیئر کریں
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا کے سرغنہ شہزاد آرائیں کیلئے بھتہ کی ریکوری کرنے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ کو ڈی جی یاسین شر بلوچ نے رات 8 بجے ایس بی سی اے کی بلڈنگ سے باہر نکال دیا، ڈی جی ایس بی سی اے نے سیکورٹی عملے کو رات 8 بجے کے بعد ایس بی سی اے آفس کو مکمل طورپر بند کرنے کی ہدایت دیدی ہے، آصف شیخ پٹہ سسٹم مافیا کے سرغنہ شہزاد آرائیں کے بیرون ملک فرار کے بعد ایس بی سی اے بلڈنگ میں اپنے کارندوں کے ساتھ مل کر غیر قانونی تعمیرات کرنے والی بلڈر مافیا سے سسٹم مافیا کی بھتہ کی ریکوری کررہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اہم ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی پٹہ سسٹم مافیا کے سرغنہ شہزاد آرائیں نے اسکیم 33 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ کو غیر قانونی تعمیرات کرنے والی بلڈر مافیا سے بھتہ کی ریکوری کا ٹاسک دیا تھا جس کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ رات 11 بجے تک ایس بی سی اے ہیڈ آفس میں بیٹھ کر غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈروں سے سسٹم مافیا کیلئے بھتہ وصول کررہا تھا ذریعے کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ نے اسکیم 33 میں دو درجن سے زائد دکانوں کو سیل کیا جس پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈر اس سے ملنے کیلئے حسن اسکوائر پر واقع ایس بی سی اے دفتر پہنچ گئے اس دوران بعض بلڈروں اور ایس بی سی اے افسران میں ایس بی سی اے کی کار پارکنگ میں جھگڑے بھی ہوئے اسی دوران رات ساڑھے آٹھ بجے ڈی جی ایس بی سی اے یاسین شر بلوچ دفتر سے گھر جانے کیلئے جب اپنے کمرے سے نکل کر پارکنگ ایریا میں آئے تو وہاں پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والی بلڈر مافیا کے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس پر ڈی جی یاسین شر بلوچ نے ایس بی سی اے کی سیکورٹی کو طلب کرکے رات میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی کی وجہ پوچھی تو سیکورٹی عملے نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ نے انہیں بلایا ہے اور آصف شیخ روزانہ رات 11 بجے تک دفتر میں بیٹھتے ہیں اور بلڈروں کو بلاتے ہیں اس حوالے سے ڈائریکٹر ایڈمن کو سیکورٹی کی جانب سے شکایت بھی کی گئی ہے لیکن ان کی جانب سے سیکورٹی کو کوئی ہدایت نہیں دی گئی ہے لہذا وہ بے بس ہیں جس پر ڈی جی یاسین شر بلوچ نے سیکورٹی عملے کو ہدایت کی کہ ایس بی سی اے کی پوری بلڈنگ کی لائٹ بند کرو اور آصف شیخ سمیت تمام افراد کو ایس بی سی اے کی بلڈنگ سے باہر نکالو جس پر سیکورٹی عملے نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ اور دیگر افراد کو بلڈنگ سے باہر نکالا جس کے بعد ڈی جی نے سیکورٹی عملے کو ہدایت کی کہ رات 8 بجے ایس بی سی اے بلڈنگ کی لائٹ بند کردی جائے اور جو افسر بھی اندر موجود ہے اس کو باہر نکال دیا جائے ذریعے کا کہنا ہے کہ جس وقت آصف شیخ کو ایس بی سی اے بلڈنگ سے باہر نکالا گیا تو وہ سخت غصے میں تھے ذریعے کا کہنا ہے کہ اس سارے معاملے پر ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم مافیا کا کہنا تھا کہ ڈی جی یاسین شر بلوچ اپنی اوقات بھول گیا ہے معلوم ہوا ہے کہ آصف شیخ کے ساتھ پیش آنے والے سارے واقعہ کی تفصیلات شہزاد آرائیں کو بھی بتائی گئی ہے واضح رہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف شیخ پٹہ سسٹم مافیا سرغنہ شہزاد آرائیں کا انتہائی قریبی سمجھا جاتا ہے اور اس کو شہزاد آرائیں نے اسکیم 33 میں تعینات کر رکھا ہے۔