میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ماحول کو نہ بچایا تو ملک ریگستان بن جائے گا، وزیراعظم

ماحول کو نہ بچایا تو ملک ریگستان بن جائے گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک
پیر, ۱۰ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پودا لگا کر شجرکاری مہم 2020ء کا آغاز کردیا ۔ اتوار کو بنی گالا میں شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ٹائیگر فورس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ملک بھر میں ایک دن میں ریکارڈ 35 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے تمام افرادکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں پاکستان موسمیاتی تبدیلی سب سے متاثر ہونے والے دنیا کے 8 ممالک میں سرفہرست ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں تقدیر بدلنے کی طاقت دے رکھی ہے ہم اس موسمیاتی تبدیلی کو زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر روک سکتے ہیں۔ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے آئندہ سالوں میں گرمی کی شدت مزید سخت ہوسکتی ہے ۔ پچھلے دو سالوں میں گندم کی پیداوار کم ہوئی ہے اس سال ڈیڑھ ملین گندم اس لئے کم ہوئی ہے کہ بارشیں معمول کے برعکس ہوئیں ۔ ایسا موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ہوا۔ موسمیاتی تبدیلی آزمائش ہے کیا ہم میں اسے بدلنے کی ہمت ہے۔ اللہ نے ہمیں اشرف المخلوقات بنایا ہے فرشتوں سے بھی کہاکہ انسان کے سامنے جھکو کیونکہ اس میں وہ صلاحیت ہے جو فرشتوں میں بھی نہیں ہے۔ لہذا ہمیں پانی طاقت کو پہچاننا چاہیے ہم نے درخت کاٹ کر جنگلا ت کے جنگلات ختم کردئیے ہیں۔ جنگلات اور درخت کاٹنے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی ہوئی ہے۔دریائوں میں 80 فیصد پانی گلیشیئر کے پگلنے سے آتا ہے اگر گرمی بڑھتی رہی تو دریائوں میں کم پانی آئے گا جس سے ہمارے زیادہ تر علاقے ریگستان بن جائیں گے وہاں بھوک اور افلاس ہوگا ۔اپنے ملک کو سرسبز و شاداب کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ملک کوہرا بھرا کرنے کیلئے ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے۔ آج ہم نے 35 لاکھ درخت لگا کر شروعات کی ہے یہ جہاد مسلسل ہے ہم یہ اپنے لئے نہیں بلکہ اپنے بچوں اور آنے والی نسلوں کیلئے کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ جنگلات اور درخت ختم کرنے سے ملک شدید متاثر ہوا ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ملک کو ہرا بھرا کریں ۔ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔ درخت لگانا آئندہ نسلوں کے لئے جہاد کا درجہ رکھتا ہے۔ ٹائیگر فورس پاکستان کے تمام نوجوان اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے آج شجرکاری مہم میں حصہ لیا اب ہم نے اپنی زندگی بدلنے اور ملک کو بہتر کرنے کا راستہ اختیا کرلیا ہے۔ہم انشاء اللہ شہروں سمیت ہر جگہ درخت لگائیں گے ہم نے اپنے ملک کو ہرا بھرا کرنا ہے۔ ہم نے اپنے ملک کو صاف بھی کرنا ہے ۔ ہم لاہورکے ساتھ راوی کے قریب ایک بہت بڑا ماڈرن شہر بنارہے ہیں۔ لاہور کا پانی بہت نیچے چلا گیا اس کو اوپر لانے کیلئے ایک منصوبہ لارہے ہیں ۔نوجوانوں کیلئے نوکریاں اور ابہر سے سرمایہ کاری لارہے ہیں ۔ ایک وقت تھا راوی بہت بڑا دریا تھا اب سردیوں میں سیوریج کا نالہ بن کر رہ گیا ہے۔ پہلے ہم نے پورے پاکستان میں درخت لگاکر ہرا کرنا ہے اس کے بعدپورے پاکستان کی صفائی بھی کرنی ہے۔ اپنے دریائوں کو صاف کریں گے ۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ماحولیاتی آلودگی کم ہوگی۔ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے۔ ٹائیگر فورس نے کورونا کیخلاف جہاد کیا ہے۔ لوگوںنے کورونا کیخلاف جہاد کرکے ملک کو موذی وائرس سے محفوظ بنانے میں کردارادا کیا۔ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے ۔ عوام ایس او پیز پر عملدرآمد جاری رکھیں اور فیس ماسک ضرور پہنیں۔ محرم الحرام کے دوران ہمیں سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں