
پی ٹی سی ایل کے دعوے بارش میں بہہ گئے
شیئر کریں
لائن میں بارش کے پانی کا بہانہ کام نہ آ سکا۔ پی ٹی سی ایل کے لاکھوں صارفین کے لیے شہر قائد میں ہونے والی بارشیں زحمت بن گئی جس میں پی ٹی سی ایل کے تمام دعوے بہہ گئے۔ مختلف علاقوں سے سست رفتار انٹرنیٹ اور سروس معطلی کی شکایات موصول ہونا شروع ہو گئیں،جبکہ انتظامیہ نے شکایتیں حل ہونے سے متعلق فراڈ کرنا شروع کر دیا۔دوسری طرف پی ٹی سی ایل انتظامیہ کو عوام نے آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا ہے۔عوام نے سوشل میڈیا پر پی ٹی سی ایل کو پاکستان کی سب سے ناکام سروس کا خطاب دیا ہے۔ شہریوں کی جانب سے کمپنی کو فراڈی گروپ قرار دیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزکراچی میں ہونے والی بارشوں کی باعث پی ٹی سی ایل کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے جس کی بنیادی وجہ انتظامیہ کی نا اہلی بتائی جاتی ہے۔ اس ضمن میں ہیلپ لائن پر عوامی شکایات کا نوٹس لینے کے بجائے کمپنی نے صارفین کے ساتھ فراڈ شروع کر دیا ہے جس کے تحت انٹر نیٹ کو ٹھیک کیے بغیر ہی متعدد صارفین کی شکایات حل کرنے کے دعووں کا انکشاف سامنے آ یا ہے۔ تمام تر معاملات سے آ گاہ ہوتے ہی صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر پی ٹی سی ایل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے غیر معیاری سروس کا حامل ٹھہرایا جا رہا ہے ۔