قومی اسمبلی کا دو روز بعد پہلا پارلیمانی سال مکمل ہو جائے گا
شیئر کریں
موجودہ قومی اسمبلی دو روز بعد اپنا پہلا پارلیمانی سال مکمل کر لے گی ۔ صدارتی خطاب کے بعد موجودہ حکومت کا دوسرا پارلیمانی سال شروع ہو جائے گا ایک سال میں کوئی موثر قانون سازی بھی تاحال نہ ہو سکی ہے ۔ صدر مملکت کا اگست کے تیسرے ہفتے میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ قومی اسمبلی کے ارکان نے 13 اگست 2018 ء کو حلف اٹھایا تھا ۔ اکثریتی جماعت ہونے پر 17 اگست کو پاکستان تحریک انصاف برسراقتدار آ گئی تھی ۔اب سے دو روز کے بعد 13 اگست کو حکومت کا پہلا پارلیمانی سال مکمل ہو جائے گا ۔ پہلے پارلیمانی سال میں کل 13 سیشنز ہوئے اور تاحال حکومت اپوزیشن کے تعلقات کار میں بہتری نہیں آ سکی ہے ۔ کوئی موثر قانون سازی بھی تاحال نہ ہو سکی ہے ۔ اگست کے تیسرے ہفتے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب متوقع ہے ۔ صدارتی خطاب کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کا احتساب کے معاملات پر احتجاج متوقع ہے ۔ عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بھی ہو گی جس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کی حکمت عملی طے کی جائے گی رابطہ عوام مہم کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا ۔