ہم سچے پاکستانی ہیں، حب الوطنی پر شک نہ کیا جائے، فاروق ستار
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے پاکستان کا 70واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ جشن آزادی کی مناسبت سے 11سے 14 اگست تک یوم آزادی فیسٹول منعقد کیا جائیگا اور 14 اگست سے 23 اگست تک 10روزہ عشرہ صفائی مہم بھر پور انداز میں منائی جائے گی، یوم آزادی فیسٹول کے سلسلے میں 11 اگست سے فیملی کلچر میلوںکا اہتمام کیا جائے گا، میوزیکل پروگرام منعقد ہوں گے جن میں ثقافتی شو ہوں گے ، قومی وملی نغموں کا انعقاد ہوگا، کھیلوں کے مقابلے ٹائونز کی سطح پر مختلف زونز میں منعقد کیے جائیں گے، شجر کاری کی جائے گی، جبکہ 14 اگست کے دن بشمول کراچی پورے پاکستان بھر میں سیکڑوں مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ مزار قائد پر پارٹی کے سربراہ رابطہ کمیٹی کے اراکین ،منتخب نمائندے چادر چڑھائیں گے اور دعا کریں گے، اسی طرح لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہاربدھ کے دن بہادر آباد میں عارضی مرکز کے قریب واقع گرائونڈ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل رابطہ کمیٹی کے اراکین رئوف صدیقی کامران ٹیسوری خالد سلطان شکیل احمد شاہد علی محفوظ یار خان ایڈووکیٹ محمد ذاکر فیض محمد فیضی ارشد حسن راشد سبزواری رضوان بابر عارف خان اقبال مقدم ، اظہار احمد خان میئر کراچی وسیم اختر اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ڈسٹرکٹ کورنگی سینٹرل ایسٹ کے حق پرست چیئرمینز وائس چیئرمین اور تنظیمی ذمہ داران بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ میں پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کو پاکستان کی آزادی کے 70سال کا واسطہ دے کر کہہ رہا ہوںکہ ہم سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں اور ہماری حب الوطنی کو شک و شبہ سے نہ دیکھاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں یہ محسوس ہو کہ ہماری حب الوطنی پر تلوار لٹکی ہوئی ہے، ان اطلاعات کی کہ ہم لندن سے رابطے میں ہیں تردید کرتا ہوں اورآج بھی مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں، 23ا گست کے بعد 2017 تک ہماری پالیسیاں داخلی ہیں ، پاکستان میں بنا رہے ہیں، اگر ہماری پالیسی میں کسی فیصلے میں ملک کے استحکام کو کہیں کوئی نقصان پہنچ رہا ہے تو آج بھی ہم اپنی اصلاح کے لیے تیار ہیں، نادانستہ طو رپر بھی کہیں کوئی غلطی ہوئی تو اصلاح کی جائے نہ کہ چھاپے و گرفتاریوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا جائے۔ انہوں نے صحافیوں سے کہاکہ جب تک میرا میڈیا سیل خبر نہ دے کوئی خبر نہ چلائیں۔