کراچی میں متحدہ لندن کے خلاف کارروائیاں شروع، 21 سے زائد کارکنان گرفتار
شیئر کریں
کراچی میں متحدہ لندن کے کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ شہر بھر سے 21 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ متحدہ لندن کے کارکنوں کی گرفتاریاں کورنگی،ملیر،رنچھوڑ لائن،اورنگی ٹاون سے عمل میں آئیں۔ لندن قیادت کے حکم پر منظر عام پر آنے والے کارکنان گرفتاریوں کے خوف سے روپوش ہونا شروع ہو گئے۔ شہر بھر میں متحدہ لندن کی جانب سے کی جانے والی چاکنگ اور پوسٹر ہٹانے کا کام شروع ہو گیا۔ متحدہ کارکنوں کو نکالنے والی قیادت بھی روپوش ہوگئی۔ واضح رہے کہ متحدہ لندن کے کارکنان گزشتہ کچھ عرصے سے شہر بھر میں مختلف تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے۔ جس کے باعث متحدہ پاکستان کی قیادت سراسیمہ تھی۔ دوسری طرف یہ سوال بھی مسلسل زیرگردش تھا کہ متحدہ لندن پر عائد غیر اعلانیہ پابندیوں کے باوجود ان سرگرمیوں کی اجازت کس نے اور کیوں دی؟ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے کراچی کی سیاسی نمائندگی کے حوالے سے متحدہ پاکستان کی عدم مقبولیت اور غیر فعالیت کے باعث تیزرفتاری سے اس کی کم ہوتی اہمیت پر اب کوئی ابہام باقی نہیں رہ گیا ہے جس کے باعث کراچی کی اہمیت کے پیش نظر اس کی سیاسی نمائندہ حیثیت کے تعین اور مستقبل کی سیاسی جماعت کے بارے میں مسلسل چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔