میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آصف رضوی کی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات مافیا سرگرم

آصف رضوی کی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات مافیا سرگرم

ویب ڈیسک
پیر, ۱۰ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

(نمائندہ خصوصی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ضلع جنوبی کے ڈائریکٹر آصف رضوی نے ضلع جنوبی میں اپنی تعیناتی کے دوران سوا ارب روپے سے زائد کی غیر قانونی تعمیرات کرائیں، باتھ آئی لینڈ، لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں آصف رضوی نے پٹہ سسٹم مافیا کے فرنٹ مین کا مرکزی کردار ادا کیا، آصف رضوی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ہر دور کی پٹہ مافیا کا حصہ رہے۔ ڈائریکٹر کے شہر میں متعدد بینکویٹ بھی چل رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری کا انفرااسٹرکچر تباہ کرنے میں بھی آصف رضوی کا اہم کردار ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ضلع جنوبی کے ڈائریکٹر آصف رضوی نے ضلع جنوبی میں اپنی تعیناتی کے دوران بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کرائیں۔ اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر آصف رضوی کو ایس بی سی اے کی پٹہ سسٹم مافیا کے مرکزی کردار فیصل میمن کی سفارش پر ضلع جنوبی میں تعینات کیا گیا جبکہ ان کے جوڑی دار ڈپٹی ڈائریکٹر سمیع جملانی کو ضلع شرقی کا ڈائریکٹر لگایا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ آصف رضوی اور سمیع جملانی ناصرف دفتری ساتھی ہیں بلکہ ان کی کراچی میں بینکویٹ ہالوں میں پارٹنر شپ بھی ہے۔ آصف رضوی نے ضلع شرقی اور ضلع کورنگی میں تعیناتی کے دوران غیر قانونی تعمیرات سے کروڑوں روپے جمع کیے۔ وہ ہر دور میں پٹہ سسٹم مافیا کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف رضوی کو ضلع جنوبی میں تعینات کرانے کا مقصد یہ تھا کہ ان کی نگرانی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کرائی جاسکیں۔ ذریعے کے بقول آصف رضوی نے پٹہ سسٹم مافیا کے مرکزی کردار فیصل میمن سے 30 فیصد کا بھتہ طے کرکے ڈائریکٹر ضلع جنوبی کا چارج لیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے دور کی تعیناتی میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کا پٹہ سسٹم کے خاتمے کے بعد محکمہ اور اینٹی کرپشن کو انہیں جواب دینا ہوگا جس پر پٹہ سسٹم مافیا نے ان کی شرط مان کر انہیں ضلع جنوبی کے ڈائریکٹر کا چارج دیا۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ اولڈ سٹی ایریا کے علاقے سول لائن کوارٹرز، آرٹلری میدان کوارٹرز، صدر بازار کوارٹرز، مگجی بھگوانجی بلڈنگ نارائن پورہ، نیپئر کوارٹر، غلام حسین قاسم کوارٹرز میں ڈائریکٹر ضلع جنوبی آصف رضوی کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کی گئیں۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری میں بھی آصف رضوی نے ڈپٹی ڈائریکٹر راشد ناریجو کی سربراہی میں اپنی ایک ٹیم اتارکر ان کے ذریعے بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کرکے لیاری کا انفرااسٹرکچر تباہ کیا جبکہ باتھ آئی لینڈ اور کہکشاں کلفٹن میں بھی متعدد کنورٹڈ پلاٹوں کو اپروول دلوانے میں ان کا اہم کردار رہا جس کے عوض انہوں نے رشوت کے 15 فیصد وصول کیے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ ہر دور میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات کا پٹہ سسٹم چلانے والی مافیا اپنے ساتھ رکھتی ہے کیونکہ وہ ہر بار سسٹم کا حصہ بننے کیلئے سسٹم مافیا کے ہر غیر قانونی کام کو کرنے کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ ضلع جنوبی کے دو کنورٹڈ پلاٹوں پلاٹ نمبر F-16 بلاک 5 کہکشاں کلفٹن اور پلاٹ نمبر F-95 بلاک 7 کہکشاں کلفٹن کی غیر قانونی اپروول میں ڈائریکٹر ضلع جنوبی آصف رضوی کا اہم کردار ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن 815-x/2016 میں دیے احکامات کے مطابق کسی بھی رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اس پر کمرشل بلڈنگ بنانے کی اجازت دی جاسکتی ہے لیکن ڈائریکٹر آصف رضوی اور سسٹم مافیا نے ناصرف کنورٹڈ پلاٹ پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اپروول کرائی بلکہ انہیں غیر قانونی تعمیرات کی اجازت بھی دی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ شیٹ نمبر SR-9 پلاٹ نمبر 42/4 پر آصف رضوی کی سرپرستی میں بغیر ایس بی سی اے اپروول بائی رائیز بلڈنگ تعمیر کی جارہی ہے جبکہ رامسوامی جوبلی نزد نور مسجد والی گلی میں پلاٹ نمبر RS4/28 پر غیر قانونی فلور آصف رضوی سے معاملات طے کرکے ڈالا جارہا ہے جبکہ پلاٹ نمبر RS9/55 پر بھی آصف رضوی کی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہے اس حوالے سے ڈائریکٹر آصف رضوی سے ان کا موقف لینے کیلئے انہیں فون کیا گیا تو انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں