پیپلز پارٹی نے لینڈ مافیا کو زمینوں پر قبضوں کی کھلی چھوٹ دیدی
شیئر کریں
(وقائع نگار خصوصی) اورنگی ٹائون پروجیکٹ کو پی ڈی رضوان خان غیر متعلقہ 3 کارندوں کے ذریعے کنٹرول کرنے لگے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر کا خاص کارندہ عبدالمنان جمشید ٹائون کی یوسی میں 11 گریڈ کا ملازم ہے جو خود کو اورنگی پروجیکٹ کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر کہلواتا ہے، اورنگی ٹائون میں پیپلز پارٹی کی لینڈ مافیا کو زمینوں پر قبضوں کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کے خلاف محکمہ میں اعلیٰ سطحی انکوائری چل رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اورنگی ٹائون کے پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضون خان انتہائی اہم اور حساس پروجیکٹ کا مکمل کنٹرول غیر متعلقہ 3 کارندوں عبدالمنان، عقیل اور ایس ایم جاوید کے حوالے کردیا ہے ۔مذکورہ تینوں افراد اورنگی پروجیکٹ کو بری طرح نقصان پہنچارہے ہیں۔ اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ رضوان خان کے 3 خاص کارندوں میں عبدالمنان جمشید ٹائون کی یوسی کا گریڈ 11 کا ملازم ہے اور وہ خود کو اورنگی پروجیکٹ کا ڈپٹی ڈائریکٹر بتاتا ہے جبکہ عقیل کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کے ایم سی کچی آبادی کا ملازم ہے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کیلئے کام کرتا ہے جبکہ ایس ایم جاوید اورنگی پروجیکٹ کا کلرک ہے اور جعلی دستاویزات بنانے کا ماہر بتایا جاتا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ اورنگی پروجیکٹ کا سارا نظام خود کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کہلوانے والا عبدالمنان چلارہا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ حال ہی میں عبدالمنان اور عقیل کے درمیان بھتہ کی رقم پر تنازع ہوا تھا جوکہ تاحال برقرار ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ عبدالمنان جوکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کا چہیتا ہے۔ اس لیے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ عبدالمنان اورنگی ٹائون میں پیپلز پارٹی کی لینڈ مافیا کو مکمل سپورٹ کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی لینڈ مافیا کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ ریونیو کی سسٹم مافیا کے اہم کارندے بدنام لینڈ گریبر علی حسن بروہی سے بھی اس کے خصوصی مراسم ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ علی حسن بروہی جن لینڈ مافیا کو تحفظ فراہم کرنے کا کہتا ہے اس کو اورنگی پروجیکٹ کا ڈائریکٹر رضوان خان مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رضوان کے خلاف کے ایم سی ہیڈ آفس میں ایک اعلیٰ سطحی انکوائری چل رہی ہے۔ مذکورہ انکوائری کے چیئرمین ڈائریکٹر کچی آبادی مظہر خان اور ممبروں میں رضا عباس رضوی اور مسرت علی خان ہیں۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان پر الزام ہے کہ انہوں نے اورنگی 11½ میں ڈی ایم سی ویسٹ کے 4 ایکڑ کے ورکشاپ کے پلاٹ کا جعلی چالان بنایا تھا۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کے خاص کارندے عبدالمنان، عقیل اور ایس ایم جاوید جعلی دستاویزات بنانے کے ماہر ہیں۔ اگر اورنگی پروجیکٹ کا ریکاڈ چیک کیا جائے تو اس میں کروڑوں کی کرپشن بے نقاب ہوگی۔ جرأت کو ذریعے نے بتایا ہے کہ عبدالمنان نامی کارندے نے پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان کو اپنے مکمل کنٹرول میں کیا ہو اہے کیونکہ وہ رضوان خان کے تمام نجی معاملات جانتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رضوان خان اسے خود سے دور نہیں کرتے ہیں۔ نمائندہ جرأت نے اس حوالے سے پروجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان اور عبدالمنان کا موقف لینے کیلئے ان سے رابطہ کرنا چاہا تاہم دونوں کی جانب سے فون اٹینڈ نہیں کیا گیا۔