وزیر اعظم کا دورہ امریکا،امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
شیئر کریں
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاہے کہ امریکی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں،مروجہ طریقہ کار کے مطابق وزیر اعظم کے دورے کے حوالے سے باضابطہ اعلان مناسب وقت پر کیاجائیگا۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ وزیراعظم کے دورہ کے حوالے سے قیاس آرائیوں کے برخلاف حقیقت واضح کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم امریکی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں۔ مروجہ طریقہ کار کے مطابق اس ضمن میں باضابطہ اعلان مناسب وقت پر کیاجائے گا۔قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے تاحال وزیراعظم کے دورے کی تصدیق نہیں کی ۔وائٹ ہاؤس میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگھس نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے میں نے بھی پڑھا ہے لیکن اس کی تصدیق اور ان کی ملاقات کی تفصیلات کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کی ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم 20 جولائی کو امریکا کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے، امریکی حکام اپنے ضوابط پورا کرنے کے بعد اس سلسلے میں اعلان کردیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وزیراعظم اور ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔