نواز شریف سے کوئی اقتدار نہیں چھین سکتا ‘ سعد رفیق
شیئر کریں
لاہور (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سازشی عناصر سن لیں ملک میں انتشار آئے گا نہ افراتفری نہ جمہور یت جائے گی نہ نواز شریف، جو بھی مسلم لیگ (ن) کو کان سے پکڑ کر سیاست سے نکالنے کی کوشش کریگا تو وہ ملک کو دراصل سیاست سے بے دخل کریگا، جمہوری حکومتوں کو رسوا کرکے نکالنے کا پاکستان میں رواج ہے‘ اب بھی تاریخ کا پہیہ الٹا گھمانے کی کوشش کی جارہی ہے‘ جے آئی ٹی کے قیام کے مقاصد کوئی اور تھے، لیکن وہ کسی اور طرف جارہی ہے ‘ جے آئی ٹی اگر غلط کام کرے تو اس پر تنقید ہو سکتی ہے اور اگر کوئی ہمیں اعتراض ہو گا تو اس کو بھی سامنے لایا جائے گا، جو کہ ہمارا بنیادی حق ہے‘ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سینیٹ انتخابات سے پہلے جل تھل ہو جائے،عمران خان خود سوا تین سو کینال کے گھر میں رہتے ہیں‘ وہ نہ منی ٹریل بتاتے ہیں‘ الیکشن کمیشن میں جواب جمع نہیں کرواتے‘ ان کو گالیاں دیتے ہیں۔ وہ اتوار کے روز نشاط کالونی میں عید ملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے۔ جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی ودفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 1999ء میں وزیراعظم شریف کیخلاف فکس میچ کھلا گیا، میچ فکسنگ کا عادی اور اداروں کو دعوت گناہ دینے والا واشگاف الفاظ میں سن لے اب کوئی میچ فکس نہیں ہوگا، عوام کے منتخب وزیراعظم کو اب گھر نہیں بھیجا جاسکتا، عمران خان تم قصہ پارینہ بن جائو گے، مگر نواز شریف کی جدوجہد ہمیشہ زندہ رہے گی ،پاکستان کے تمام صوبوں کو اپنے بجلی کے پاور پلانٹس لگانے کا اختیار ہے، لیکن اس اختیار سے فائدہ نہیں اٹھایا گیاوگرنہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ کبھی پیدا نہ ہوتا، لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاور پلانٹس لگوائے، جو تیزی سے مکمل ہورہے ہیں جس کا فائدہ پاکستانی قوم کو ہوگا ۔اتوار کو سیالکوٹ میں پیرس روڈ پر میرج ہال میں عید ملن پارٹی سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ دور میںپنجاب کے علاوہ سندھ کی حکومتوں نے پاور پلانٹس لگوائے، جوکہ مکمل ہورہے ہیں اور یہ ایسے منصوبے ہیں جن سے ساری پاکستانی قوم کو فائدہ ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کی خودمختاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عمران خان ہیں۔