نواز شریف روش تبدیل کریں‘ جمہوریت کو دائو پر نہ لگائیں ‘ خورشید شاہ
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہاہے کہ نواز شریف اقتدار اور ذاتی مفاد کی خاطر ملک جمہوریت اور اداروں کو داؤ پر نہ لگائیں، ورنہ اس روش کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہاکہ نواز حکومت انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ایک بار پھر ماضی کو دہرانا چاہتی ہے مسلم لیگ (ن) کی یہ کوشش ملک و قوم ٗجمہوریت اور پارلیمنٹ کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف کو ایک بار پھر خبردارکردوں کہ وہ اقتدار اور ذاتی مفاد کی خاطر ملک جمہوریت اور اداروں کو داؤ پر نہ لگائیں، ورنہ اس روش کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ قطری شہزادے کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور وہ بار بار کوشش کے باوجود جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے کترا رہا ہے، اگر قطری شہزادے کے خط کو قانونی طور پر درست مان لیا جائے تو پھر ہر ٹیکس چور اور کالے دھن والا کسی شہزادے یا کسی امیر زادے کا خط لا کر قانون اور انصاف کا مذاق اڑائے گا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پاناما کیس میں نواز شریف، ان کے فیملی ممبران اور وزراء جس دھمکی آمیز رویے کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ عدل و انصاف کی پامالی کے مترادف ہے، اس رویہ سے صاف نظر آرہا ہے کہ پاناما میں ملوث کردار اور حکومتی وزراء شور مچا کر اور ماحول کو کشیدہ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں جبکہ اعتماد سے کہتا ہوں کہ 21 ویں صدی میں وہ ایسا کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔