ملک بھر میں لوڈشیڈنگ جاری، عوام کی زندگی اجیرن
جرات ڈیسک
جمعه, ۱۰ جون ۲۰۲۲
شیئر کریں
ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں 6 سے 18 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ 65 فیصد فیڈرز پر بھی 3 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے ہونے والی لوڈ شیڈنگ پر صارفین کو پہنچنے والی پریشانی پر معذرت کی ہے۔ اندرون سندھ مختلف شہروں میں بھی گھنٹوں بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کوئٹہ میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی جبکہ بلوچستان کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ پنجاب میں 10سے 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، پانی کی قلت پیدا ہو گئی، شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ۔